سعودی عرب کی زرعی پیداوار میں 35 فیصد اضافہ ریکارڈ
سعودی عرب نے جی 20 کے وزرائے زراعت کانفرنس میں شرکت کی ہے ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی وزیرماحولیات پانی و زراعت انجینیئرعبدالرحمان الفضلی نے کہا کہ ’مملکت کی جانب سے زرعی شعبے کے لیے بہتر پالیسی سے مقامی اورغیرملکی سرمایہ کاری کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں‘۔
اخبار24 کے مطابق برازیل میں منعقدہ جی 20 کے وزرائے زراعت کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’سعودی عرب میں زراعت کے فروغ کے لیے اپنائی گئی پالیسی سے اس شعبے کی پیداوار میں 35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے‘۔
انہوں نے زرعی پیداوار کے حوالے سے سپلائی چینز اورپیداواری صلاحیت کے مسائل کو حل کرنے کے لیے جامع اقدامات پرزوردیا تاکہ قیمتوں میں استحکام اور منڈیوں میں اجناس کی مستقل اور وافر فراہمی کے عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔
سعودی وزیر ماحولیات وزراعت نے زوردیا کہ’ اس شعبے کی مزید بہتری کے لیے اس سے جڑے افراد اور اداوں کے مفادات کو مدنظر رکھا جائے تاکہ مشترکہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے جس سے عالمی سطح پر بھوک اور غربت کا تدارک ممکن ہو‘۔
انہوں نے شاہ سلمان امدادی مرکز کے منصوبوں کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا’ مرکزکے تحت غذائی سیفٹی کے حوالے سے 78 ممالک میں 900 منصوبوں پرعمل کیا جارہا ہے‘۔
اجلاس کے بعد سعودی وزیر زراعت نے اپنے وفد کے ہمراہ جی 20 ممالک کے وزراء سے بھی انفرادی ملاقاتیں کیں۔ برازیل کے بزنس کونسل کے ارکین سے بھی دوطرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے بات کی۔