سعودی عرب اور قازقستان میں زراعت،پانی اور ماحولیات میں تعاون پر تبادلہ خیال
سعودی عرب اور قازقستان میں زراعت،پانی اور ماحولیات میں تعاون پر تبادلہ خیال
جمعہ 18 اگست 2023 18:25
سعودی وزیر ماحولیات نے قازقستان کے صدر سے ملاقات کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ ٹوکایف نے کہا ہے کہ’ سعودی عرب اور قازقستان کے برادرانہ تعلقات گہرے ہیں۔ دونوں ملک ماحولیات، پانی اور زراعت کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط تعلقات کا قیام ضروری سمجھتے ہیں‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق قازقستان کے صدر سے آستانہ میں سعودی وزیر ماحولیات و پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمن الفضلی نے ملاقات کی ہے۔
قازقستان کے صدر اور سعودی وزیر نے ماحولیات زراعت اور پانی کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے اہم مواقع اور مشترکہ تعاون کا لائحہ عمل مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر سعودی وزیر نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد کی جانب سے صدر کے لیے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔
سعودی قیادت نے اپنے پیغام میں قازقستان کے صدر اورعوام کے لیے مزید ترقی و خوشحالی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
انجینیئرعبدالرحمن الفضلی الفضلی نے قازقستان کے وزیر زراعت، وزیر ماحولیات و قدرتی وسائل، غذائی امن کی عالمی تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل اور فوڈ سیکیورٹی کی ماہر متعدد کمپنیوں کے عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ماحولیات، پانی و زراعت کے شعبو ں اور زرعی پیداوار کے کاروبار کا دائرہ وسیع تر کرنے کے مواقع پر بھی بات چیت کی گئی۔