Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یوم الوطنی‘ کی تیاریاں مکمل، تمام شہر پرچم اور سبز لائٹوں سے سج گئے

قومی جشن میں مختلف شہروں میں آتشبازی کے شوز بھی ہوں گے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب کے 94  ویں قومی دن کی مناسبت سے مملکت کے تمام ریجنز اور شہروں میں جشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ شاہراہوں اور اہم سرکاری عمارتوں اور تجارتی مراکز کو قومی پرچم اور سبز لائٹوں سے سجا دیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق بلدیہ تبوک کی جانب سے شاہراہوں اور اہم تفریحی مقامات پر قومی پرچم لہرا دیئے گئے ہیں ۔
تبوک میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ریجن میں قومی دن کی مناسبت سے جشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اس ضمن میں اب تک مختلف مقامات پر 8 ہزار سے زائد پرچم لگائے گئے ہیں جبکہ 195 اسکرینز پر قومی دن کی مناسبت سے مبارک باد کے پیغامات چلائے جارہے ہیں۔ اہم عمارتوں پر سبز لائٹیں لگائی جاچکی ہیں ۔

 اہم شاہراہوں پر قومی پرچم لہرا دیئے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)

جازان کمشنری میں بھی قومی دن کی مناسبت سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ شاہراہوں کو قومی پرچموں سے مزین کردیا گیا ہے جبکہ پارکوں میں جشن کی تقریبات منعقد کرنے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
کمشنری میں 23 ستمبر کو مختلف مقامات پر تفریحی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جن میں فضائیہ کے شو ، المرجان بیچ پر آتشبازی کے شاندار مظاہرے کیے جائیں گے۔

  سرکاری عمارتوں اور کاروباری مراکز کو سبز لائٹوں سے سجایا گیا(فوٹو، ایس پی اے)

جیزان کمشنری میں بھی سیاحتی مقامات پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ سیاحتی مقامات پر موجود تفریحی پارکوں کو بھی سجا دیا گیا ہے ۔
مدینہ منورہ میونسپلٹی کی جانب سے بھی مملکت کے 94 ویں قومی دن کے موقع پر شہر اور مضافاتی علاقوں کی سجاوٹ کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ قومی دن کے حوالے سے شہر کے پانچ مقامات پر تفریحی و ثقافتی سرگرمیوں کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
نجران ریجن میں قومی دن کی تقریبات کےلیے 106 پارکوں اور 12 تفریحی مقامات پر آنے والوں کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

تبوک ریجن میں مختلف مقامات پر 8 ہزار قومی پرچم لگائے گئے (فوٹو، ایس پی اے)

میئرنجران انجینئرصالح الغامدی کا کہنا تھا کہ ریجن کے مختلف مقامات پر 6400 قومی پرچم لگائے گوے ہیں جبکہ بلدیہ اور دیگر سرکاری عمارتوں کو سبز لائٹوں سے سجایا گیا ہے۔ 112 تفریحی پارکوں کی مکمل صفائی و تزئین کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔
طائف شہر کو بھی قومی پرچموں اور سبز لائٹوں سے سجایا گیا ہے جبکہ پارکوں میں تفریح کے لیے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔

شیئر: