چنئی ٹیسٹ میں انڈیا نے بنگلہ دیش کو 280 رنز سے ہرا دیا
اتوار 22 ستمبر 2024 13:33
میچ میں عمدہ پر کارکردگی دکھانے پر رویچندرن اَشوِن کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں انڈیا نے بنگلہ دیش کو 280 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
چنئی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں انڈیا کی جانب سے دیے گئے 515 رنز کے ہدف کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 234 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں نجم الحسین شانتو نے 82، شادمان اسلام نے 35 اور ذاکر حسین نے 33 رنز بنائے۔
انڈیا کی طرف سے دوسری اننگز میں رویچندرن اَشوِن نے 6، رویندرا جڈیجہ نے 3 اور جسپریت بمراہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل انڈیا نے اپنی دوسری اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی۔
انڈیا کی جانب سے دوسری اننگز میں شبھمن گِل نے 119 اور رشبھ پنت نے 109 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی طرف سے دوسری اننگز میں مہدی حسن میراز نے دو جبکہ تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
چنئی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد پہلی اننگز میں رویچندرن اَشوِن کی سینچری اور رویندرا جڈیجہ کے 86 رنز کی بدولت پوری انڈین ٹیم 376 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
اس کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں جسپریت بمراہ کی شاندار بولنگ کے باعث 149 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
میچ میں عمدہ پر کارکردگی دکھانے پر رویچندرن اَشوِن کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دونوں ٹٰیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 27 ستمبر سے کانپور میں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔