Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیسٹ سیریز کسی دوسرے ملک میں کھیلی جائے گی؟

برینڈن میکلم نے کہا کہ ’ہم اس وقت تک کسی ٹیم کا انتخاب نہیں کر سکتے جب تک ہمیں یہ معلوم نہ ہو کہ ہم کہاں کھیلنے جا رہے ہیں۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ نے ان رپورٹس کے بعد کہ میچز کسی اور ملک منتقل ہو سکتے ہیں، اپنے دورہ پاکستان سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے وضاحت طلب کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق علاقائی میڈیا میں ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ مجوزہ گراؤنڈز میں تعمیراتی کام کے پیش نظر اگلے مہینے شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے شیڈول میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔
موجودہ شیڈول کے مطابق انگلینڈ نے ملتان میں پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے کھیلنا ہے، اس کے بعد کراچی اور راولپنڈی میں میچز کھیلے جائیں گے، لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ اگلے برس ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے قبل تزئین و آرائش کے آغاز کے بعد سے دو گراؤنڈز میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ ایک یا اس سے زیادہ ٹیسٹ میچز کو متحدہ عرب امارات یا سری لنکا میں منتقل کرنے کا امکان ہے۔ تاہم انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو پیش رفت کا انتظار ہے۔
اس مسئلے کے حوالے سے انگلینڈ کے کوچ برینڈن میکلم نے جمعرات کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم واقعی نہیں جانتے (پاکستان میں کیا ہو رہا ہے) لیکن ہم اس وقت تک کسی ٹیم کا انتخاب نہیں کر سکتے جب تک ہمیں یہ معلوم نہ ہو کہ ہم کہاں کھیلنے جا رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ اچھا ہو گا اگر اگلے دو دنوں میں ہمیں پتہ چل جائے۔‘
خیال رہے کہ انگلینڈ نے سنہ 2005 سے 2022 تک کے درمیان سکیورٹی خدشات کی بنا پر پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور اس پورے دورانیے میں پاکستان کرکٹ بورڈ متحدہ عرب امارات میں میچز کا انعقاد کرتا رہا ہے۔

شیئر: