Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ بغیر کسی گیند کے منسوخ

ٹیسٹ میچ کے پہلے دو دن کا کھیل آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث ممکن نہ ہو سکا۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)
افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان گریٹر ناوئڈا میں شیڈول واحد ٹیسٹ میچ بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث بغیر کسی گیند کے منسوخ کر دیا گیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈیا کی سرزمین پر پچھلے 91  برسوں میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا کہ کسی بھی ٹیسٹ میچ کے تمام پانچ دن بغیر کسی گیند کے منسوخ ہوگئے۔
اس سے قبل ایشیا میں آخری مرتبہ فیصل آباد میں 1998 میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹیسٹ میچ بغیر کسی گیند کے منسوخ ہوا تھا۔
اب تک کرکٹ کی تاریخ میں سات ٹیسٹ میچ بغیر کسی ایکشن کے منسوخ ہو چکے ہیں۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’مسلسل بارشوں کے باعث افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کا کھیل ممکن نہ ہو سکا۔‘
گریٹر ناوئڈا میں گزشتہ ہفتے موسلادھار بارشیں ہوئیں تاہم نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان ٹیسٹ میچ کے پہلے دو دن کا کھیل آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث ممکن نہ ہو سکا۔
اسی طرح تیسرے اور چوتھے دن دوبارہ بارش ہونے کے باعث کھیل کو وقت سے پہلے منسوخ کر دیا گیا۔
افغان کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ انہیں یہ ٹیسٹ میچ کانپور اور بنگلور میں کھیلنے کی پیشکش کی گئی تھی تاہم انہوں نے گریٹر ناوئڈا کا انتخاب اس وجہ سے کیا کہ دوسرے دو وینیوز پر انڈیا کے میچ ہونے ہیں۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان یہ ٹیسٹ میچ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ نہیں تھا۔

شیئر: