سعودی عرب کا یوم الوطنی، پاکستانی قیادت کا دوستی دیرپا بنانے کا عزم
سعودی عرب کا یوم الوطنی، پاکستانی قیادت کا دوستی دیرپا بنانے کا عزم
پیر 23 ستمبر 2024 20:17
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے یوم وطنی پر مملکت کے ساتھ دوستی کو مستحکم اور دیرپا بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے پیر کو اسلام آباد میں ہونے والی یوم وطنی کی تقریب میں سعودی عرب کے ساتھ مل کر امن، استحکام اور علاقاتی ترقی کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
یوم الوطنی پر منعقدہ تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، صوبہ سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے گورنرز نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، مولانا فضل الرحمان اور دیگر شعبوں کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے دونوں ممالک کے قریبی برادرانہ تعلقات اور باہمی ترقی پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے دوران سعودی عرب کے خصوصی ثقافتی طائفے نے دف کی دھنوں پر رقص بھی پیش کیا۔
اس موقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی باہمی احترام، تعاون اور مشترک اقدار پر قائم ہے۔
یہ پیغام سعودی سفارت خانے کے زیراہتمام یوم وطنی کی تقریب میں نشر کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے دوطرفہ تعلقات منفرد نوعیت کے ہیں اور یہ دونوں ممالک ضرورت کے وقت ایک دوسرے کی مدد کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں قدرتی آفات اور بحرانوں کے دوران پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے تعاون کا دونوں ممالک کے گہرے رشتے کی علامت کے طور پر ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے عوام میرے ساتھ مل کر مختلف اوقات میں ملک کی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے سعودی عرب کی معاونت کے دل کی گہرائیوں سے معترف ہیں۔‘
’میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عوام کو ان کے 94 ویں یوم الوطنی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سعودی عرب کو ترقی اور خوشحالی کی جانب آگے بڑھانے کے وژن کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے سعودی عرب کی وژن 2030 اور اس کے سلوگن ’ہم خواب دیکھتے اور حقیقت بناتے ہیں‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی قیادت بالخصوص شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان عالمی سطح کی قیادت کا کردار ادا کر رہے ہیں۔