Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلائی جناح کے طیارے کی لاہور میں ہنگامی لینڈنگ، مسافروں کو ایمرجنسی گیٹ سے نکالا گیا

نجی ایئرلائن فلائی جناح کے طیارے نے پیر کی رات لاہور ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے۔
فلائی جناح کی پرواز 9P846 کراچی سے لاہور آرہی تھی۔ پرواز نے شام  7 بجکر 26 منٹ پر لاہور ائرپورٹ پر لینڈ کیا۔
لینڈنگ سے پہلے ہی جہاز کے اندر دھواں بھرنا شروع ہوگیا جس کے بعد جہاز کی ایمرجنسی لینڈنگ کروانا پڑی۔
جہاز سے مسافروں کو ایمرجنسی گیٹ سے نکالا گیا۔ جہاز کی لینڈنگ دوسرے طیاروں سے دور کروائی گئی۔
پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو لینڈنگ سے پہلے ایمرجنسی کے بارے آگاہ کر دیا تھا۔
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ  کپتان نے لاہور کے قریب سات بجکر پندرہ منٹ پر کارگو کمپارٹمنٹ میں دھواں کا بتا کر ’مے ڈے‘ کال دی۔
 ایس او پی کے تحت ایئرپورٹ اتھارٹی فائر ڈیپارٹمنٹ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موقع پر موجود تھا۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا تھا فلائی جناح کی پرواز ایف ایل 846 سات بج کر 23 منٹ پر بحفاظت لاہور ایئرپورٹ اتر گئی۔
 ’تمام مسافروں اور عملہ کو جہاز کے ایمرجنسی انخلا نظام کے ذریعے بحفاظت باہر نکالا گیا۔  فائر ڈیپارٹمنٹ نے معائنہ کے بعد سات بجکر 57 منٹ پر جہاز کو کلیئر قرار دیا۔‘
سی اے اے ترجمان نے کہا کہ اعلی حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
ایئرلائن کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ فلائی جناح اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ 23 ​​ستمبر 2024 کو کراچی سے لاہور جانے والی پرواز 9P846  نے لاہور میں لینڈنگ کے وقت کارگو کمپارٹمنٹ میں سموک الارم کا اشارہ دیا۔
 عملے نے ایئرپورٹ حکام کو مطلع کیا اور جہاز تمام عملے اور مسافروں کے ساتھ لاہور میں بحفاظت اتر گیا۔ 
فلائی جناح کی تیکنیکی ٹیم اس وقت الارم کی وجہ جاننے  کے لیے مکمل معائنہ کر رہی ہے۔

شیئر: