Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوحہ سے فلپائن جانے والی غیرملکی پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

متاثرہ پرواز کے مسافر دوسرے جہاز سے اپنی منزل کو روانہ کر دیے گئے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والی غیر ملکی پرواز کے مسافروں کو دوسری پرواز سے اُن کی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔
سنیچر کی دوپہر پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قطر کے مسافر طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ہنگامی لینڈنگ کرنے والا مسافر طیارہ قطر کے شہر دوحہ سے فلپائن جا رہا تھا۔
سول ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ پاکستان کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے 39 ہزار فٹ کی بلندی پر طیارے میں تکنیکی خرابی معلوم ہوئی پر پائلٹ نے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔
حکام کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود میں قطر ایئرویز کے طیارے کا ایک انجن بند ہوا، اور طیارے کے پائلٹ نے ’مے ڈے‘ کی کال دی اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی جو دے دی گئی۔
طیارے میں سوار 187 مسافروں کو بحفاظت لاونج منتقل کر دیا گیا، جن کو اپنی منزل پر پہنچانے کے لیے فضائی کمپنی نے دوسرے طیارے کو بھیجا۔‘
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق متاثرہ پرواز کے مسافر دوسرے جہاز سے اپنی منزل کو روانہ ہو چکے ہیں جبکہ انجنیئرز اور تکنیکی عملہ خرابی کا شکار ہونے والے طیارے کا معائنہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں سنیچر کی صبح طوفانی بارش کے باعث دوحہ سے کراچی آنے والی پرواز کو مسقط بھیجا گیا۔
سول ایوی ایشن کے ذرائع کے مطابق دوحہ سے کراچی آنے والی قطر ایئرویز کی پرواز کیو آر 610 کو مسقط ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا۔
سی اے اے کے ذرائع نے بتایا کہ طیارے نے کئی بار کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی لیکن ناکام رہا جس کے بعد پرواز کو کراچی سے مسقط ڈائیورٹ کیا گیا۔ پرواز کے 250 سے زائد کراچی آنے والے مسافروں کو بعد ازاں اسی پرواز کے ذریعے دوپہر کے وقت اپنی منزل پہنچایا گیا۔

شیئر: