Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ : ثقافتی نمائش میں پاک سعودی کمیونٹیز کا اتحاد

تقریب میں سفارت کار، کاروباری شخصیات اور کمیونٹی ارکان نے شرکت کی۔ فوٹو عرب نیوز
قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے حال ہی میں سعودی عرب اور پاکستان کے قومی دن منانے کے لیے مشترکہ تقریب کا اہتمام کیا۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستان انویسٹرز فورم کے تعاون سے منعقد ہونے والی اس تقریب کا مقصد پاک سعودی تعلقات مضبوط بنانا اور مشترکہ ثقافتی اور سماجی اقدار کو فروغ دینا تھا۔
جدہ کے خوبصورت بینکوئٹ ہال میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی سفارت کار، کاروباری شخصیات، کمیونٹی ارکان اور میڈیا کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانوں سے ہوا جس کے بعد آرٹ کی نمائش میں مشترکہ ثقافتی ورثے کی نمائش کی گئی۔
جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے سفارت کاری میں فن اور ثقافت کے کردار پر اظہار خیال کیا اور مضبوط مذہبی، ثقافتی اورسماجی اقتصادی تعلقات پر مبنی دو طرفہ منفرد تعلقات کو اجاگر کیا۔
قونصل جنرل نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سےعلاقائی امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں اور کردار کی تعریف کی۔

 ثقافتی اور سماجی اقتصادی تعلقات پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔ فوٹو عرب نیوز

اس موقع پر پاکستان انویسٹرز فورم کے چیئرمین چوہدری شفقت نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی تاجر برادری کے کردار پر روشنی ڈالی اور مملکت کی قیادت کی تعریف کی۔ 
تقریب میں پاکستانی اور سعودی فنکاروں کی ثقافتی پرفارمنس پیش کی گئی اور مملکت کے 94 ویں یوم الوطنی کی مناسبت سے کیک کاٹنے کی تقریب کا اختتام کیا گیا۔
 

شیئر: