Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی سعودی کمپنیوں کے لیے کوآرڈینیٹرز مقرر

وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی سعودی کمپنیوں کے ساتھ وزارت تجارت کی جانب سے ایک ایک کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں وفاقی وزرا عطا تارڑ اور جام کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہر سعودی کمپنی کے لیے الگ الگ ڈیسک بنائے گئے ہیں جہاں دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان بات چیت چل رہی ہے کہ کس طرح مل کر بین الاقوامی سطح پر کاروبار کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے گرینڈ وژن کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔
ان کے مطابق ’پچھلے چند مہینوں کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم تجارتی گفتگو ہوئی۔‘
انہوں نے کہا کہ آج سعودی عرب کا تجارتی وفد پاکستان کے دورے پر ہے اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں ایک سرکاری وفد بھی پاکستان آیا تھا۔
’پچھلے کچھ دنوں کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم تجارتی دورے ہوئے اور سرمایہ کاری کے امور کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ سعودی وفد پاکستان کی تمام وزارتوں کے ساتھ مل بیٹھ کر جی ٹو ریفائنری، پاور اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر بات کر رہا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کو پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد ہونے والی پیش رفت میں پاکستان کے سرمایہ کاروں کو بھی تجارت میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملے گا۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
ان کے مطابق 35 کے قریب سعودی کمپنیوں کے نمائندے پاکستان آئے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں معیشت فارن پالیسی بناتی ہے۔

شیئر: