پاکستان: ’فائر وال کی توسیع کا کام اکتوبر کے آخر تک مکمل ہوجائے ہوگا‘
پاکستان: ’فائر وال کی توسیع کا کام اکتوبر کے آخر تک مکمل ہوجائے ہوگا‘
منگل 1 اکتوبر 2024 16:31
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ایکس کی بندش کا فیصلہ وفاقی حکومت کا ہے۔ (فوٹو: ایکس)
پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے سربراہ میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کا کہنا ہے کہ 20 اکتوبر یا رواں ماہ کے آخر تک ویب مینیجمینٹ سسٹم (فائر وال) کی توسیع کا کام مکمل ہو جائے گا جس کے بعد ملک میں انٹرنیٹ سروسز مکمل بحال ہو جائیں گی۔
منگل کو صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کا کہنا تھا ویب مینجمنٹ سسٹم کے ساتھ ساتھ اکتوبر کے آخر تک سب میرین کیبل میں خرابی کا مسئلہ بھی حل کر لیا جائے گا۔
صحافیوں کو بتایا گیا کہ ویب مینجمنٹ سسٹم کی انسٹالیشن کا آغاز سال 2019 میں ہوا تھا اب اس نظام کو وسیع کیا جا رہا ہے اور مختلف سوشل میڈیا ایپس تک پھیلایا گیا ہے۔
ملک میں انٹرنیٹ کی سست روی اور بندش کی وجوہات بتاتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کی بندش کے معاملے پر پاکستان کا دوسرے ممالک سے تقابلی جائزہ نہیں بنتا۔ ’ہمارے ملک میں سکیورٹی مسائل کی وجہ سے ایسے فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔‘
اُنہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ بند کرنے کا فیصلہ پی ٹی اے نہیں وزارت داخلہ کرتی ہے۔ ہمیں انٹرنیٹ بند کرنے کی ٹھوس وجوہات بتائی جاتی ہیں جس کے بعد انٹرنیٹ کی بندش یا سست روی کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔
’اگر حکومت کہہ دے تو ایکس کھول دیا جائے گا‘
پاکستان میں ایکس کی بندش کے معاملے پر صحافیوں کے سوالات کے جواب میں چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ ایکس کی بندش کا فیصلہ وفاقی حکومت کا ہے۔ وفاقی حکومت جب کہے گی ایکس کھول دیں گے۔
’ایکس کے حوالے سے شکایات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ ایکس صرف 27 فیصد سوشل میڈیا قوانین و ضوابط کی تعمیل کرتا ہے۔ جبکہ دیگر سوشل میڈیا ایپس کی 93 فیصد کمپلائنس رپورٹ ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ کہ اگر ایکس اپنی کمپلائنس میں بہتری لائے تو ایکس کو کھول دیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق اس وقت ایکس کا معاملہ سندھ ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے اور ہم سندھ ہائی کورٹ میں ایکس کی نان کمپلائنس سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے۔
میجر جنرل حفیظ الرحمان نے بتایا کہ میں ذاتی طور پر انٹرنیٹ کی بندش کا دفاع نہیں کرتا لیکن قومی سلامتی ترجیح ہے۔
الیکشن کے دن انٹرنیٹ بند کرنے کے معاملے پر اُنہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں بھی انتخابات کے دوران موبائل سروس بند کی گئی تھی۔
’2023 میں انڈیا کے اندر 116 مرتبہ انٹرنیٹ بند ہوا جبکہ پاکستان میں سات مرتبہ انٹرنیٹ بند کیا گیا۔ ہر ملک کے اپنے سکیورٹی حالات ہیں۔ سیکیورٹی حالات کے باعث پنجگور میں ڈیڑھ سال سے موبائل ڈیٹا بند ہے۔‘
سوشل میڈیا پر غیر قانونی مواد روکنے کے حوالے سے حفیظ الرحمان پاشا کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو خط لکھا ہے کہ غیرقانونی مواد کو روکنے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کریں۔
پاکستان میں 5 جی کی سروسز کا آغاز
پاکستان میں 5 جی سروسز کی شروعات کے حوالے سے چیئر مین پی ٹی اے نے بتایا کہ ’ہماری منصوبہ بندی کے مطابق اپریل 2025 تک 5 جی کی نیلامی ہو جائے گی جس کے بعد سروس کی فراہمی بھی شروع ہو جائے گی۔‘