اوورسیز پاکستانی بیرونِ ملک انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟
اوورسیز پاکستانی بیرونِ ملک انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟
جمعرات 3 اکتوبر 2024 5:23
زین علی -اردو نیوز، کراچی
ڈی آئی جی لائسنسنگ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل پرمٹ کے اجرا کا آغاز اب آن لائن اور سندھ کے تمام 11 ڈرائیونگ لائسنس برانچز سے کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ایکس)
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے محمد بلال گذشتہ تین سال سے امریکہ میں مقیم ہیں۔ وہ ایک آئی ٹی کمپنی میں کام کرتے ہیں۔
محمد بلال کا کہنا ہے کہ ’وہ گذشتہ کافی عرصے سے امریکہ کے شہر ڈیلس میں مقیم ہیں اور ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لیے تربیت لے رہے ہیں۔‘
محمد بلال نے بتایا کہ ’میں نے ٹیسٹ میں فیل ہونے کے ڈر سے ایک ڈرائیونگ سکول میں داخلہ لیا ہے تاکہ لائسنس کے لیے اپلائی کرنے سے قبل اچھی طرح تیاری کر لوں۔‘
بلال نے مزید بتایا کہ ’مجھے گذشتہ روز میرے ایک دوست نے بتایا کہ پاکستان سے باہر رہنے والے وہ شہری جو سندھ کا ڈرائیونگ لائسنس رکھتے ہیں، وہ اب آن لائن انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں۔‘
بلال نے بتایا کہ ’امریکہ میں مقیم پاکسانیوں کو پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس ہونے پر اگرچہ کوئی ترجیح نہیں دی جاتی لیکن پاکستان سے جاری کیا گیا پرمٹ امریکہ میں نئے لائسنس بنانے والوں کو کچھ ریلیف ضرور فراہم کرتا ہے۔‘
بلال کے مطابق، انہوں نے آن لائن انٹرنیشنل پرمٹ کے لیے درخواست جمع کروانے کا فیصلہ کیا ہے، اور ضروری معلومات حاصل کر لی ہیں۔
’میں آئندہ ایک سے دو روز میں پرمٹ حاصل کرنے کے لیے فارم جمع کراؤں گا۔‘
پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی اب پاکستان سے باہر رہتے ہوئے بھی انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکیں گے۔
سندھ پولیس لائسنسگ ڈیپارٹمنٹ نے حال ہی میں ایک نئی سروس کا آغاز کیا ہے، جس میں سندھ بھر کی تمام 11 ڈرائیونگ لائسنس برانچز سے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس بنوائے جاسکتے ہیں۔ اس سے قبل یہ سہولت صرف کراچی کی ایک کلفٹن برانچ کے لائسنس آفس میں ہی دستیاب تھی۔
بیرون ملک مقیم وہ پاکستانی جو پاکستان کے صوبہ سندھ سے تعلق رکھتے ہیں، اور ان کے پاس کراچی سمیت سندھ کے کسی بھی شہر کا ڈرائیونگ لائسنس موجود ہے تو وہ لائسنس برانچ کی ویب سائٹ پر جاکر آن لائن فارم جمع کروا سکتے ہیں، جس کے ساتھ تصویر اور ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے بعد آن لائن فیس جمع کروانی ہوگی جس کے بعد درخواست گزار کے بتائے گئے پتے پر انٹرنیشنل پرمٹ بھیج دیا جائے گا۔
لائسنسنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سینٹرز پر عوامی رش کو کم کرنے کے لیے آن لائن سروس بھی شروع کردی گئی ہے۔
اس نظام کے تحت اب سندھ کے ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے شہری گھر یا بیرونِ ملک سے بھی آن لائن ڈرائیونگ پرمٹ بنوا سکتے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریننگ اینڈ لائسنسنگ اقبال دارا کا کہنا ہے کہ ’دورِ حاضر کی جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہوتے ہوئے لائسنس ڈیپارٹمنٹ نے عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’انٹرنیشنل پرمٹ کے اجرا کا آغاز اب آن لائن اور سندھ بھر کی تمام 11 ڈرائیونگ لائسنس برانچز سے کردیا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’14 ستمبر سے سندھ کے شہروں حیدرآباد، نواب شاہ، میرپور خاص، سکھر اور لاڑکانہ کے علاوہ کراچی کی 6 ڈرائیونگ لائسنس برانچز سے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کی ایک ہزار 88 روپے فیس آن لائن ادا کی جا سکتی ہے۔‘
ڈی آئی جی اقبال دارا کے مطابق، کوئی بھی شہری، جو سندھ سے جاری مستقل ڈرائیونگ لائسنس رکھتے ہیں تو انہیں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لیے لائسنسنگ برانچ پر جانے کی ضرورت نہیں، وہ اپنے گھر یا کسی بھی ملک میں بیٹھے اپنا انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بنوا سکتے ہیں جو کوریئر سروس کے ذریعے ان کے دیے گئے پتے پر بھیج دیا جائے گا۔‘
ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے جاری کردہ اعداد شمار کے مطابق اس سہولت سے اب تک ایک ہزار سے زائد شہری مستفید ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے شہر لاہور سے تعلق رکھنے والے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی ہی اپنے ایکسپائر انٹرنشنل لائسنسز کی آن لائن تجدید کروا سکتے تھے۔ لیکن پہلی بار انٹرنیشنل پرمٹ بنوانے والوں کو یہ سہولت میسر نہیں تھی۔