Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمریٹس نے دورانِ پرواز سامان میں واکی ٹاکی اور پیجرز لے جانے پر پابندی عائد کر دی

ایمریٹس نے سامان میں پیجر اور واکی ٹاکی لے جانے کی پابندی دبئی جانے اور آنے والی پروازوں پر عائد کی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن ایمریٹس نے فضائی سفر کے دوران سامان میں واکی ٹاکی اور پیجرز ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لبنان میں پیجر اور واکی ٹاکی کے پھٹنے کے واقعات کے بعد ایمریٹس نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ’تمام مسافر جو دبئی کو یا دبئی سے فضائی سفر کر رہے ہیں انہیں اپنے بکڈ سامان یا ہینڈ کیری میں پیجرز اور واکی ٹاکی لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔‘
اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ایمریٹس نے کہا کہ ایسی کوئی چیز مسافر کے سامان میں ملنے پر دبئی پولیس اسے اپنی تحویل میں لے گی۔
گزشتہ ماہ لبنان کے مختلف شہروں میں رابطے کی ڈیوائسز پیجر اور واکی ٹاکی کے دھماکوں میں 37 افراد ہلاک جبکہ 3 ہزار زخمی ہوئے تھے۔
مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی ایئرلائن ایمریٹس نے مزید کہا ہے کہ عراق اور ایران کے روٹس پر پروازیں منگل تک معطل رہیں گی۔
ایران کے اسرائیل پر حالیہ حملے کے بعد ایمریٹس نے پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اردن کے لیے معطل پروازیں اتوار سے بحال ہو جائیں گی جبکہ لبنان کو اور وہاں سے آنے والی پروازیں 15 اکتوبر تک معطل رہیں گی۔
لبنان پر اسرائیل کے حملوں کے بعد ایمریٹس سمیت فلائی دبئی، ایئر عربیہ، اتحاد ایئرویز اور قطر ایئرویز نے بیروت کے لیے فلائٹ آپریشن گزشتہ ماہ 24 ستمبر سے عارضی طور پر معطل کر دیے تھے۔
یاد رہے کہ ایمریٹس کی دبئی اور بیروت کے درمیان ہفتہ وار 12 پروازیں چلتی ہیں۔

شیئر: