وزیراعظم کا چینی سفارت خانے کا دورہ، ’حملے کی تحقیقات کی خود نگرانی کروں گا‘
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں موجود ہمارے چینی بھائیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ (فوٹو: پی ایم آفس)
وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کو اسلام آباد میں چینی سفارت خانے آمد کا دورہ کیا اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈانگ سے ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے چینی سفیر سے کراچی میں چینی قافلے پر دہشت گردوں کے حملے پر اظہار تعزیت کی۔
انہوں نے حملے میں چینی باشندوں کے مارے جانے پر دکھ و رنج کا اظہار کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے اس واقعے کے ذمہ دار افراد کی جلد از جلد شناخت کے لیے حکومت مکمل طور پر متحرک ہے۔
’واقعے کے ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کے بعد انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں موجود ہمارے چینی بھائیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اس گھناؤنی سازش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
’اس واقعے کی تحقیقات کی میں ذاتی طور پر خود نگرانی کروں گا۔ غیر ملکیوں کے لیے سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔‘
علامیے میں کہا گیا ہے کہ چینی سفیر نے کراچی میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے فوری ردعمل اور تحقیقات کے آغاز پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔
’چینی سفیر نے معاملے کی مؤثر تحقیقات، ذمہ دار دہشتگردوں کی فوری شناخت اور ان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں حکومت پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا۔‘
چینی سفیر جیانگ زیڈانگ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ واقعے کے ذمہ دار افراد کو جلد از جلد قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔