Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حزب اللہ کے اسرائیل پر راکٹ حملے جاری، لبنان میں مزید اسرائیلی فوجی دستے داخل

حزب اللہ کے مطابق گزشتہ ہفتے لبنان میں داخل ہونے والی اسرائیلی افواج آگے نہیں بڑھ سکیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ برسانے کا سلسلہ جاری ہے اور تنظیم کے قائم مقام سربراہ کی جانب سے دباؤ برقرار رکھنے کے بیان کے بعد لبنان کی سرحد سے متصل آبادیوں سے ہزاروں اسرائیلی شہری نقل مکانی کر رہے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کے مزید دستے سرحد پار جنوبی لبنان میں داخل ہوئے ہیں جبکہ فضائی حملے میں حزب اللہ کے ایک سینیئر کمانڈر کو ہلاک کر دیا گیا۔
اسرائیل نے کہا ہے کہ حزب اللہ نے 180 کے لگ بھگ راکٹ فائر کیے جبکہ شمالی ساحلی شہر حیفہ میں شہریوں کو اپنی نقل وحرکت محدود کرنے کے لیے کہا گیا۔ اسرائیلی حکومت نے شہریوں کو خطرے سے خبردار کرنے کے ساتھ علاقے میں سکول بند کرا دیے۔
ادھر حزب اللہ کے قائم مقام سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اُن کی تنظیم کی فوجی صلاحیت پہلے کی طرح منظم ہے۔
اسرائیل نے لبنان میں گزشہ ہفتوں کے دوران حزب اللہ سے منسلک عمارتوں اور فوجی تنصیبات پر شدید بمباری کی ہے اور اس دوران تنظیم کے سربراہ حسن نصراللہ سمیت متعدد کمانڈر مارے گئے۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ گزشتہ ہفتے لبنان میں داخل ہونے والی اسرائیلی افواج آگے نہیں بڑھ سکیں۔
نامعلوم مقام سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں اُن کا کہنا تھا کہ حزب اللہ تنظیم کے نئے سربراہ کا نام جلد سامنے لائے ہیں ’لیکن جنگ کی وجہ سے حالات مشکل ہیں۔‘
اسرائیلی وزیراعظم نے لبنان کے عوام سے مخاطب ہو کر ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے حزب اللہ کو بہت زیادہ کمزور کر دیا ہے۔ ’ہم نے ہزاروں دہشت گردوں کو ہلاک کیا، اس کے سربراہ حسن نصراللہ اور اس کے بعد آنے والے اور اُن کے بھی بعد آنے والوں سمیت۔‘
جنگ کے دوران ہونے والے ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق ممکن نہیں۔

اسرائیل نے کہا ہے کہ حزب اللہ نے 180 کے لگ بھگ راکٹ فائر کیے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

حسن نصراللہ کو گزشتہ ماہ بیروت میں ایک فضائی حملے میں ہلاک کیا گیا تھا۔ تنظیم کے نئے سربراہ کے طور پر ہاشم صفی الدین کا نام لیا جا رہا ہے جو حسن نصراللہ کے کزن ہیں تاہم تاحال اس کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
ہاشم صفی الدین کو حسن نصراللہ کی موت کے بعد کسی عوامی مقام پر دیکھا گیا اور نہ ہی اُن کی جانب سے کوئی بیان سامنے آیا ہے۔
اسرائیل کی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہیگری نے کہا ہے کہ منگل کی رات لبنان میں ایک ایسی جگہ فضائی حملہ کیا گیا جہاں ہاشم صفی الدین موجود تھے تاہم حزب اللہ اس حملے کو چھپا رہی ہے۔

شیئر: