Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان کو ’غزہ کی طرح‘ تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے: اسرائیلی وزیراعظم

نیتن یاہو نے لبنانی عوام سے کہا کہ ’اپنے ملک کو حزب اللہ سے آزاد کرائیں تاکہ جنگ کا خاتمہ ہوسکے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے لبنان کو خبردار کیا ہے کہ اسے ’غزہ کی طرح‘ تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اسرائیل نے لبنانی ساحل کے جنوبی حصے میں حزب اللہ کے خلاف زمینی کارروائی کے لیے سرحد پر مزید فوجی تعینات کر دیے ہیں۔
اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے منگل کو لبنان کے عوام کے نام ایک ویڈیو بیان میں اُنہیں آنے والی ممکنہ مشکلات سے خبردار کیا۔
ان کے مطابق ’آپ کے پاس لبنان کو بچانے کا موقع ہے اس سے پہلے کہ وہ ایک طویل جنگ کا حصہ بن جائے اور یہ جنگ تباہی اور مشکلات لائے گی جیسا کہ ہم غزہ میں دیکھ رہے ہیں۔‘
انہوں نے لبنانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’میں آپ سے کہتا ہوں کہ اپنے ملک کو حزب اللہ سے آزاد کرائیں تاکہ اس جنگ کا خاتمہ ہوسکے۔‘
اس سے قبل حزب اللہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس نے اسرائیل کے ساحلی شہر حیفہ پر متعدد راکٹ داغے ہیں، اس حوالے سے اسرائیلی فوج نے لبنان سے 85 میزائل فائر کیے جانے کی تصدیق کی تھی۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجیوں نے ’ہزاروں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں حسن نصراللہ، اُن کی جگہ لینے والے اُن کے نائب اور اُن کے بھی متبادل شامل ہیں۔‘
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ ’وہ شمالی اسرائیل میں بے گھر ہونے والوں کو اُن کے گھروں میں واپس لانا چاہتے ہیں۔‘
اسرائیل کے وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے مطابق حزب اللہ ’ٹُوٹ پھُوٹ کا شکار ہونے والی ایک تنظیم ہے، حسن نصر اللہ کی ہلاکت کے بعد اس میں لڑنے کی صلاحیت نہیں ہے اور اُس کی بچ جانے والی قیادت منتشر ہوچکی ہے۔‘
دوسری جانب حزب اللہ کا کہنا ہے کہ ’اس نے اسرائیلی فوجیوں کا حملہ پسپا کر دیا جنہوں نے جنوبی سرحدی گاؤں لبون میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کے ’پیچھے سے حملہ‘ کیا۔
حزب اللہ کے نائب رہنما نے کہا کہ اسرائیل کے شدید حملوں کے باوجود گروپ کی قیادت کا ڈھانچہ صحیح طور پر کام کر رہا ہے اور اس کی فوجی صلاحیتیں اپنی جگہ موجود ہیں۔

شیئر: