امسال ریاض سیزن کا تفریحی پروگرام منفرد ہوگا، ترکی آل الشیخ
امسال ریاض سیزن کا تفریحی پروگرام منفرد ہوگا، ترکی آل الشیخ
جمعرات 10 اکتوبر 2024 18:04
افتتاح سنیچر کو ہوگا ،ہر ہفتے ایک لکژری گاڑی انعام میں دی جائے گی( فوٹو، ایکس اکاونٹ)
انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے کہا ہے کہ ریاض سیزن 2024 کا آغاز سنیچر 12 اکتوبرسے کیا جارہا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق آل الیشخ نے ریاض سیزن کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں مزید کہا کہ امسال کا یہ تفریحی پروگرام گزشتہ برسوں کے مقابلے میں انتہائی منفرد نوعیت کا ہوگا ۔
ریاض سیزن 2024 کی افتتاحی تقریب میں غنائی محفل کو خصوصی طورپر شامل کیا گیا ہے جبکہ باکسنگ کے تاریخ کے سب سے بڑے مقابلے کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں لائٹ ہیوی ویٹ ورلڈ چیمپیئن ’ارٹرپیٹر بیو کا دمیتری بائیول‘ کے ساتھ مثالی مقابلہ ہوگا۔
ترکی آل الشیخ نے مزید بتایا کہ امسال ریاض سیزن کے تفریحی پروگراموں میں ہر ہفتہ ایک لکژری گاڑی انعامی اسکیم میں رکھی گئی ہے ۔ سیزن کا ٹکٹ ویب سائٹ ’وی بک ڈاٹ کام ‘ کے ذریعے حاصل کیے جاسکتے ہیں ۔
دریں اثنا ٹکٹ کی بکنگ ویب سائٹ کی شرائط کے مطابق 5 برس تک کے بچوں کا داخلہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ مفت ہوگا جبکہ 5 برس سے زائد عمر کے ہر بچے کے لیے جدا ٹکٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔
افتتاحی تقریب کا آغاز شاندار غنائی محفل سے کیا جائے گا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
دیگر شرائط کے مطابق ٹکٹ حاصل کرنے کے بعد وقت مقررہ پرپروگرام میں شرکت کرنا ہوگی ، پروگرام شروع ہونے کے بعد تاخیر سے آنے کی صورت میں ٹکٹ کی قیمت واپس نہیں کی جائے گی۔ پروگرام کے دوران مخصوص جگہ سے نکل جانے کے بعد دوبارہ اندر نہیں جاسکتے۔