Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوجی مقامات سے دور رہیں، حزب اللہ کی اسرائیل کے شہریوں کو وارننگ

اسرائیل میں ایک لڑکا دوربین سے حیفہ شہر کی بندرگاہ کو نظارہ کر رہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ آبادی والے علاقوں میں اسرائیل کے فوجی مقامات سے دور رہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ نے عربی اور عبرانی زبان میں جاری کیے گئے بیان میں اسرائیل کے شمالی علاقے میں رہائش پذیر شہریوں کو وارننگ دی ہے۔
حزب اللہ کے بیان کے مطابق شمالی اسرائیل میں ’دشمن اسرائیلی فوج شہریوں کے گھروں کو استعمال کر رہی ہے۔‘
لبنان کی عسکری تنظیم نے مزید کہا کہ ’حیفہ، تبریاس اور ایکرے جیسے مقبوضہ علاقوں‘ میں اسرائیل کی فوج نے شہری آبادی کے درمیان فوجی اڈے قائم کر رکھے ہیں۔
حزب اللہ نے اپنی واننگ میں کہا ہے کہ اسرائیلی شہری اپنی زندگی بچانے کے لیے ان فوجی اڈوں سے دور رہیں۔
تقریباً ایک سال تک سرحد کے پار فائرنگ کے بعد اسرائیل نے گزشتہ ماہ 23 ستمبر سے لبنان میں حملے شروع کر رکھے ہیں جس میں اسرائیلی فوج کے مطابق وہ عسکری تنظیم حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
اس بمباری سے لبنان میں 1200 سے زیادہ افراد ہلاک اور دس لاکھ کے لگ بھگ اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں۔
حزب اللہ مسلسل یہ بیان جاری کرتی رہتی ہے وہ شمالی اسرائیل کے علاقوں کو راکٹ حملوں میں نشانہ بنا رہی ہے۔
ادھر خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حزب اللہ جنوبی لبنان میں طویل جنگ کی تیاری کر رہی ہے۔
حزب اللہ کی کارروائیوں سے واقف دو ذرائع نے روئٹرز کو بتایا کہ اسرائیل کی جانب سے لبنانی تنظیم کی اعلیٰ قیادت کو ختم کرنے کے بعد عسکری گروپ کی نئی فوجی کمانڈ نے راکٹ فائر اور زمینی جنگ کی ہدایت کی ہے۔

حزب اللہ نے گزشتہ ہفتے اسرائیل پر 85 میزائل داغنے کا دعویٰ کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

حزب اللہ کے ٹھکانوں پر تین ہفتوں کے تباہ کن اسرائیلی حملوں اور خاص طور پر اس کے سربراہ حسن نصر اللہ کی موت کے بعد دوست اور دشمن یکساں طور پر اب دیکھ رہے ہیں کہ یہ تنظیم کس حد تک مؤثر طریقے سے اسرائیلی فوجیوں کے خلاف مزاحمت کرتی ہے۔
اسرائیل کی فوج نے لبنان میں داخل ہوتے وقت اعلان کیا تھا کہ وہ سرحدی علاقوں سے حزب اللہ کا صفایا کرے گی تاکہ قریبی اسرائیلی شہر محفوظ رہ سکیں۔

شیئر: