Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں پناہ گزینوں کے کیمپ پراسرائیلی حملہ ،28 شہید دسیوں زخمی

فلسطنی ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی علاقے میں مسلسل بمباری سے 140 ہلاکتیں ہوئیں(فوٹو، ایکس)
غزہ پٹی کے وسط میں اسکول میں پناہ گزینوں پراسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 28 تک پہنچ گئی ہے جبکہ  دسیوں زخمی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے فلسطینی طبی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ شہید ہونے والے پناہ گزینوں میں بچے اورخواتین بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی بمباری دیر البلح شہر کے اسکول کی عمارت پرکی گئی جہاں سیکڑوں متاثرہ فلسطینی خاندانوں نے پناہ لی ہوئی تھی جن کے گھر بار پہلے ہی تباہ ہو گئے تھے ۔
دوسری جانب اطلاعات کے مطابق غزہ شہر میں اسرائیلی فضائی حملے سے متعدد فلسطینی شہری زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
دوسری جانب فلسطینی ہلال الاحمر کا کہنا ہے کہ رفیدہ کے اسکول پر اسرائیلی فضائیہ کے حملے سے عمارت مکمل طور پرتباہ ہو گئی ۔ ہلال الاحمر کے امدادی کارکن ملبے کے نیچے دب جانے والوں کو تلاش کررہے ہیں۔
دریں اثنا فلسطینی وزارت صحت کہنا تھا کہ غزہ پٹی کے شمالی علاقے میں اسرائیلی قابض افواج کی گولہ باری سے گزشتہ تین دنوں میں 140 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوئے ۔
وزارت صحت کے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مسلسل ہونے والی بمباری کی وجہ سے امدادی کارکنوں کے لیے یہ بھی ممکن نہیں کہ   زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

شیئر: