Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہاں! وہ کر سکتی ہیں‘، امریکہ کملا ہیرس کی صدارت کے لیے تیار ہے: باراک اوباما

باراک اوباما نے کنونشن سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کوخطرناک قرار دیا۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی ریاست شکاگو میں ڈیموکریٹک پارٹی کے نیشنل کنونشن سے خطاب میں سابق صدر باراک اوباما نے کہا کہ ’مشعل اب کملا ہیرس کو تھما دی گئی ہے اور امریکہ ان کے صدر منتخب ہونے کے لیے تیار ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو صدارتی امیدوار کی باقاعدہ نامزدگی کے حوالے سے ہونے والے کنونشن سے خطاب میں باراک اوباما نے کہا کہ نائب صدر کملا ہیرس امریکیوں کے لیے لڑیں گی جبکہ دوسری جانب انہوں نے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو خطرناک قرار دیا۔
خیال رہے کہ پیر کو شروع ہونے والے ڈیموکریٹک نیشنل کنوینشن کی تقریبات چار روز تک جاری رہیں گی۔ اس دوران صدارتی امیدوار کی باقاعدہ نامزدگی کے علاوہ انتخابات کے لیے پارٹی پالیسی ترتیب دی جاتی ہے۔
باراک اوباما نے کہا کہ کملا ہیرس بطور صدر اپنے فرائض سرانجام دینے کے لیے تیار ہیں، ’یہ وہ شخصیت ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی ان لوگوں کے لیے لڑنے میں گزار دی جنہیں کسی کی آواز کی ضرورت تھی۔‘
’یہ وہ (شخصیت) ہیں جو آپ کو دیکھتی ہیں اور آپ کو سنتی ہیں اور روزانہ آپ کے لیے لڑنے کے لیے تیار ہوں گی۔‘
باراک اوباما نے اپنی صدارتی مہم کا نعرہ ’ہاں! ہم کر سکتے ہیں‘ کو یاد کرتے ہوئے کملا ہیرس کے لیے بھی وہی الفاظ دہرائے ’ہاں! وہ کر سکتی ہیں۔‘
اس سے قبل مشعل اوباما نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ آج فضا میں امید کی طاقت کا جادوئی اثر پایا جاتا ہے۔
جو بائیڈن کے بطور صدارتی امیدوار دستبرداری کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی ایک مرتبہ پھر کملا ہیرس کے گرد متحد نظر آتی ہے اور ان کے خیال میں حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے سکتے ہیں۔

ڈیموکریٹک کنونش میں کملا ہیرس کو باقاعدہ صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

پیر کو کنونشن سے جو بائیڈن نے اپنے جذباتی خطاب میں کہا کہ ’آپ کے صدر کے طور پر فرائض سرانجام دینا زندگی بھر کا اعزاز ہے۔ مجھے اس کام سے محبت ہے اور اپنے ملک سے اور بھی زیادہ محبت ہے۔‘
باراک اوباما نے خطاب میں جو بائیڈن کی تعریف میں کہا کہ وہ بہترین صدر ہیں جنہوں نے انتہائی خطرناک دور میں جمہوریت کو بچایا۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن سے توجہ ہٹانے کی کوشش میں رواں ہفتے مختلف تقریبات سے خطاب کریں گے۔
منگل کو ریاست مشیگن میں ایک تقریب سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کملا ہیرس کو ’جرم کی لہر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ڈبل روٹی لینے کے لیے آپ گلی میں پیدل نہیں جا سکتے، آپ کو گولی مار دی جاتی ہے۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے عوامی سطح پر سابق صدر سے درخواست کی ہے کہ وہ کملا ہیرس پر ذاتی حملوں کے بجائے اپنی توجہ پالیسیوں پر مرکوز رکھیں۔

شیئر: