Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدارتی مباحثہ: کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ

کملا ہیرس میں ریاست پنسلوینیا میں پہلا صدارتی مباحثہ ہوا جو 90 منٹ تک جاری رہا (فوٹو: اے ایف پی)
ریپبلکن پارٹی کے صدارتی اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کی نائب صدر کملا ہیرس کے درمیان پہلے مباحثے میں اسقاطِ حمل، معیشت، امیگریشن اور سابق صدر کو درپیش قانونی اُلجھنوں پر گرما گرم بحث ہوئی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کے درمیان فلاڈیلفیا میں پہلا صدارتی مباحثہ ہوا جو 90 منٹ تک جاری رہا۔ 
مباحثے کے آغاز میں کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر متوقع طور پر ہاتھ ملائے، جب کہ مصافحے کے لیے پہلے ہاتھ ہیرس نے بڑھایا۔
59 سالہ سابق پراسیکیوٹر کملا ہیرس نے کڑی تنقید کا سلسلہ جاری رکھا جس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اضطرابی کیفیت سے دوچار کر دیا اور بظاہر مشتعل نظر آنے والے سابق صدر نے جواب میں اپنی حریف کے خلاف ’جھوٹ پر مبنی‘ بیانات کی بوچھاڑ کر دی۔
انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’لوگ اکثر تھکن اور بوریت کی وجہ سے پہلے باہر نکل جاتے ہیں۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’میری ریلیاں، ہمارے پاس سب سے بڑی ریلیاں ہیں، سیاست کی تاریخ کی سب سے غیرمعمولی ریلیاں ہیں۔‘

’تارکین وطن شہریوں کے پالتو جانور کھا رہے ہیں‘: ٹرمپ کا دعویٰ

ڈونلڈ ٹرمپ نے غیرمصدقہ سازشی تھیوری کی جانب اشارہ کیا جس میں کہا گیا تھا کہ تارکین وطن سپرنگ فیلڈ، اوہائیو میں شہریوں کے پالتو جانور کھا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا ’وہ کتوں کو کھا رہے ہیں۔ وہ وہاں رہنے والے لوگوں کے پالتو جانور کھا رہے ہیں۔‘
اس موقع پر کملا ہیرس نے اپنی بات یہ کہتے شروع کی کہ ’اسے کہتے ہیں انتہا۔‘

59 سالہ سابق پراسیکیوٹر کملا ہیرس نے کڑی تنقید کا سلسلہ جاری رکھا جس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اضطرابی کیفیت سے دوچار کر دیا (فوٹو: روئٹرز)

کملا ہیرس نے ایک پورن سٹار کو پیسے دینے سمیت دیگر مقدمات پر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کسی بھی جرم کا مرتکب ہونے کی تردید کی اور ایک بار پھر کملا ہیریس اور ڈیموکریٹس پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ثبوتوں کے بغیر ان کے خلاف تمام مقدمات بنائے۔

’ٹرمپ بدترین بے روزگاری چھوڑ کر گئے‘

صدارتی امیدواروں کے درمیان بحث کا آغاز معیشت سے متعلق سوال سے ہوا اور یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس کے حوالے سے پولز ٹرمپ کے حق میں ہیں۔
کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر ملکی اشیا پر زیادہ سے زیادہ محصولات عائد کرنے کے ارادے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹرمپ نے ہمارے لیے بدترین بے روزگاری چھوڑی۔‘
78 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیڈن انتظامیہ کی مدت کے دوران افراطِ زر میں مسلسل اضافے پر کملا ہیرس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اس دوران وہ مہنگائی کی شرح کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے رہے۔
انہوں نے اپنے سرِفہرست مسئلے امیگریشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بغیر ثبوت ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ تارکین وطن میکسیکو کے ساتھ امریکی جنوبی سرحد عبور کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی لوگوں کے لیے، متوسط ​​طبقے کے لیے، ہر طبقے کے لیے تباہی بنی ہوئی ہے۔

صدارتی امیدواروں نے غزہ جنگ اور یوکرین پر روسی حملے کے حوالے سے بھی بات چیت کی (فوٹو: روئٹرز)

اسقاطِ حمل کا حق، ’ٹرمپ نے تین قدامت پسند ججز کو منتخب کیا‘

کملا ہیرس نے اسقاطِ حمل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں اور انہوں نے سپریم کورٹ کے 2022 کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ نے جان بوجھ کر تین قدامت پسند سپریم کورٹ ججوں کا انتخاب مخصوص نیت سے کیا اور آخرکار، ان کی حکومت کے دوران یہ فیصلہ منسوخ کر دیا گیا۔‘
’ڈونلڈ ٹرمپ نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ کملا ہیریس اور ڈیموکریٹس بچوں کے قتل کی حمایت کرتے ہیں۔‘
جس پر کملا ہیرس نے کہا کہ ’جیسا کہ میں نے کہا تھا آپ کو جھوٹ پر جھوٹ سُننے کو ملیں گے۔‘

’کملا ہیرس اسرائیل سے نفرت کرتی ہیں‘

صدارتی امیدواروں نے غزہ جنگ اور یوکرین پر روسی حملے کے حوالے سے بھی بات چیت کی، اگرچہ دونوں میں سے کسی نے بھی واضح نہیں کیا کہ وہ تنازع کو کیسے ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔
کملا ہیریس نے ٹرمپ پر الزام لگایا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کی حمایت کے لیے یوکرین کے لیے امریکی حمایت ختم کرنا چاہتے ہیں جبکہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ کملا ہیرس اسرائیل سے ’نفرت‘ کرتی ہیں تاہم انہوں نے اس دعوے کو مسترد کر دیا۔

شیئر: