کیا عالیہ بھٹ نے فلم ’جگرا‘ کو کامیاب بنانے کے لیے باکس آفس نمبروں میں جعل سازی کی؟
ہفتہ 12 اکتوبر 2024 16:32
دیویا کھوسلا کمار نے دعویٰ کیا کہ عالیہ بھٹ نے ’جعلی کلیکشن‘ کے لیے ٹکٹ خریدے (فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے)
بالی وڈ کی اداکارہ و ہدایت کارہ دیویا کھوسلا کمار نے اداکارہ عالیہ بھٹ پر اپنی تازہ ترین فلم ’جگرا‘ کے باکس آفس نمبروں میں جعل سازی کا الزام لگایا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ فلم ’جگرا‘ اس سال مئی میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’ساوی‘ کی نقل ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عالیہ بھٹ نے مبینہ طور پر ’جعلی کلیکشن‘ کے لیے ٹکٹ خریدے۔ ایک خالی تھیٹر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دیویا نے لکھا کہ ’جگرا‘ شو کے لیے سٹی مال گئی تھی۔ تھیٹر بالکل خالی تھا، تمام تھیٹر ہر طرف خالی جا رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’عالیہ بھٹ میں سچ میں بہت جگرا ہے، خود ہی ٹکٹ خریدتی ہیں اور جعلی کلیکشن کا اعلان کرتی ہیں۔ حیرت ہے کہ بکاؤ میڈیا کیوں خاموش ہے۔‘
یہ پوسٹ دیویا کی فلم ساوی اور ’جگرا‘ کے درمیان مماثلت پر ہونے والی بحث کے دوران سامنے آئی ہے۔
فلم ’ساوی‘ جس میں ہرش وردھن رانے اور انیل کپور شامل تھے۔ یہ ایک گھریلو خاتون کی کہانی ہے جو اپنے شوہر کو برطانیہ کی ایک جیل سے آزاد کرانے کی کوشش کرتی ہے، جو ساوتری اور ستیہوان کی کہانی سے متاثر ہے۔ دریں اثنا ’جگرا‘ عالیہ بھٹ کے کردار کے گرد گھومتی ہے جو اپنے بھائی کو بچانے کے لیے جیل بریک کا اہتمام کرتی ہے۔
عالیہ بھٹ کی فلم نے ڈومیسٹک باکس آفس پر سنگل ڈیجٹ کے ساتھ آغاز کیا۔ وسن بالا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کے پہلے دن 4 سے 5 کروڑ انڈین روپے جمع ہونے کی امید تھی اور ایسا ہی ہوا۔