منشیات کی سمگلنگ میں ملوث سرکاری اداروں کے اہلکار گرفتار
’گروہ 21 افراد پر مشتمل ہے جن میں سے 16 افراد وزارتوں کے ملازمین ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت داخلہ نےکہا ہے کہ ریاض میں منشیات کی سمگلنگ اور فروخت کا گروہ گرفتار ہوا ہے جن میں سے اکثریت کا تعلق مختلف وزارتوں سے ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ’گروہ 21 افراد پر مشتمل ہے جن میں سے 16 افراد وزارت داخلہ، وزارت نیشنل گارڈ، وزارت دفاع، وزارت بلدیہ، وزارت ہاؤسنگ اور وزارت انصاف کے ملازمین ہیں۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’گروہ کے افراد کی مختلف ذمہ داریاں تھیں، ان میں سے بعض بیرون ملک سے منشیات سمگلنگ کرتے تھے، بعض سرکاری اداروں کے اہلکار ضبط شدہ منشیات کو تلف کرنے بجائے سرکاری تحویل سے منتقل کرکے اسے فروخت کرتے تھے‘۔
’بعض کا کام منشیات کے الزام میں گرفتار شدگان کے کیسز میں جعلسازی کرنا تھا جبکہ بعض سرکاری دستاویزات کی خفیہ معلومات فراہم کرتے تھے‘۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’ملک کے استحکام اور رہائشیوں کے امن وامان کے لیے خطرہ بننے والے ہر شخص سے نمٹا جائے گا خواہ وہ کوئی بھی ہو اور کسی بھی عہدے پر فائز ہو‘۔