جدہ میں 217 کلو نسوار ضبط، کارخانہ سربمہر
’غیر ملکیوں نے رہائش کو کارخانہ بنا رکھا تھا جہاں نسوار کے علاوہ شیشہ فلیور تیار کیا جاتا تھا‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ میونسپلٹی نے غیر قانونی طور پر قائم ہونے والے کارخانے پر چھاپہ مارا ہے جہاں غیر ملکی پکڑے گئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کارخانے سے 217 کلو نسوار پکڑی گئی ہے جو مارکیٹ میں سپلائی کرنے کےلیے تیار تھی۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’غیر ملکیوں نے اپنی رہائش کو کارخانہ بنا رکھا تھا جہاں نسوار کے علاوہ شیشہ فلیور تیار کیا جاتا تھا‘۔
’تمام ضبط شدہ سامان تلف کردیا گیا ہے اور کام کرنے والے غیر ملکیوں کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ مکان کو سیل کرکے مالکان کو وضاحت کے لیے طلب کیا گیا ہے‘۔
بلدیہ نے رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ محلوں میں جہاں کہیں بھی غیر قانونی طور پر کارخانے بنے ہوں ان کی اطلاع ضرور کیا کریں۔
یہ لوگ نہ صرف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں بلکہ صحت عامہ کے لیے بھی خطرے کا باعث بنے ہوئے ہیں۔