پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کی وجہ کیا؟ وزیرِاطلاعات سے قومی اسمبلی میں سوال
جمعرات 17 اکتوبر 2024 15:13
رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے کہا کہ ’یہاں افغان شہریوں کو بھی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ مل جاتے ہیں‘ (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی بھی غیرملکی کو شناختی کارڈ یا پاسپورٹ جاری نہیں کیا جا رہا۔‘
وزیراطلاعات نے جمعرات کو قومی اسمبلی میں سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ایسا نہیں ہوا کہ کسی غیرملکی کو پاکستان کا پاسپورٹ جاری کیا گیا ہو۔‘
اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے کہا کہ ’یہاں افغان شہریوں کو بھی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ مل جاتے ہیں، حالت یہ ہے کہ عام شہریوں کو پیسے دیے بغیر پاسپورٹ نہیں ملتا۔‘
اس کے جواب میں عطا تاڑر نے کہا کہ ’اب ویریفیکیشن کے مراحل بڑھا دیے گئے ہیں تاکہ اس معاملے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ ہو۔‘
انہوں نے نور عالم خان کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’اگر آپ کے پاس ایسی کوئی معلومات ہیں کہ کسی غیر پاکستانی کو کوئی پاسپورٹ یا شناختی کارڈ ملا ہو ہمیں آگاہ کیا جائے، ایف آر سی کا مقصد ہی یہی ہے کہ سب شہریوں کو مکمل فیملی ٹری نادرا کے پاس موجود ہو۔‘
اس پر سپیکر سردار ایاز صادق نے وزیراطلاعات سے کہا کہ ’نور عالم خان آپ کو میرے توسط سے 400 ایسے افراد کی فہرست فراہم کریں گے۔‘
اس دوران وزیراطلاعات نے بتایا کہ ماضی میں ایسی جو شکایات آئی تھیں، اس میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات مکمل ہو گئی تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے پاکستان میں شہری پاسپورٹ کے اجراء اور تجدید میں تاخیر کی شکایات کر رہے ہیں۔