چترال: نادرا آفس میں پاکستانی بن کر شناختی کارڈ بنانے کے لیے آنے والا افغان شہری گرفتار
جمعرات 21 دسمبر 2023 19:48
پولیس کا کہنا ہے کہ افغان شہری رحمان اللہ افغانستان سے دو روز قبل پاکستانی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے چترال آئے تھے (فائل فوٹو: نادرا)
خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر چترال کے نادرا آفس میں شناختی کارڈ بنانے کے لیے آنے والے افغان شہری کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
چترال پولیس کے مطابق ملزم لوئر چترل کی تحصیل دروش میں واقع نادرا آفس میں اپنے آپ کو پاکستانی شخص کا بیٹا ظاہر کرکے شناختی کارڈ بنوا رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ افغان شہری رحمان اللہ افغانستان سے دو روز قبل پاکستانی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے چترال آئے تھے۔
انچارج نادرا آفس دروش نے پراسیس کے دوران ملزم سے اعتراف کرایا کہ وہ افغان شہری ہیں جس کے بعد انہیں پولیس کے حوالے کیا گیا۔
دوران تفتیش افغان شہری نے بتایا کہ پاکستانی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے انہوں نے 17 لاکھ روپے سہولت کاروں کو دینے کا وعدہ کیا تھا۔
افغان نوجوان کو اپنا بیٹا ظاہر کرکے ان کی تصدیق کرنے والے پاکستانی شہری کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا۔
دیگر سہولت کاروں میں سرحدی گاؤں ارندو کے رہائشی شامل ہیں جن کو پولیس نے گرفتارکر لیا۔
پولیس نے افغان شہری کی جانب سے اعترافِ جرم کے بعد ان سمیت جعلی والد اور سہولت کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔