کشمیر میں عسکریت پسندوں کا حملہ، چھ غیرمقامی مزدور اور ڈاکٹر ہلاک
کشمیر میں عسکریت پسندوں کا حملہ، چھ غیرمقامی مزدور اور ڈاکٹر ہلاک
پیر 21 اکتوبر 2024 16:55
گذشتہ ہفتے بہار سے تعلق رکھنے والے ایک مزدور کی تشدد زدہ لاش شوپیا کے علاقے سے برآمد ہوئی تھی۔ (فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے فائرنگ کر کے چھ غیر مقامی مزدوروں اور ایک ڈاکٹر کو ہلاک کر دیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کشمیر میں الیکشن کے بعد حکومت سازی کے چند دن بعد ہی تشدد کا یہ واقعہ اتوار کو سامنے آیا ہے۔
رواں مہینے اپوزیشن اتحاد نے ریاست میں ایک دہائی کے بعد اور کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسے مرکز کے زیرکنٹرول دو خطوں میں تقسیم کرنے کے بعد ہونے والے الیکشن کے بعد حکومت سنبھال لی۔
اتوار کے حملے میں ہلاک ہونے والے مزدور تزویراتی اہمیت کے علاقے لداخ کو سال بھر دوسرے علاقوں سے ملانے کے لیے زیرتعمیر ٹنلز پر کام کر رہے تھے۔
کشمیر پولیس کے ایک سینیئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دو مسلح حملہ آور تعمیراتی کمپنی کے میس میں گھس گئے اور کھانا کھاتے مزدوروں پر فائرنگ کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ حملے میں چھ مزدور اور کمپنی کا ایک ڈاکٹر ہلاک ہو گئے جبکہ پانچ مزید زخمی ہوئے۔
ریزسٹنٹ فرنٹ نامی تنظیم، جس کو انڈین حکام کالعدم لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم سمجھتے ہیں، نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
تاہم روئٹرز اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کر سکا۔
انڈیا کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’اس حملے کے پیچھے جو بھی ہیں وہ ہماری سکیورٹی فورسز کے سخت ترین ردعمل سے نہیں بچ پائیں گے۔‘
انڈیا اور پاکستان کا دعویٰ پورے کشمیر پر ہے لیکن دونوں کا کنٹرول اس کے ایک ایک حصے پر ہے۔ عسکریت پسند کشمیر پر انڈیا کے کنٹرول کے خلاف کئی دہائیوں سے لڑ رہے ہیں جس میں ہزروں افراد مارے گئے ہیں۔
رواں سال جولائی میں دو الگ الگ حملوں میں نو فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ حملے اس وقت ہوئے تھے جب نریندر مودی کا بطور وزیراعظم تیسری مرتبہ حلف اٹھائے ایک مہینہ بھی نہیں ہوا تھا۔
اس سے پہلے عسکریت پسند کشمیر کے باغات، دھان کے کھیتوں اور تعمیرائی سائیٹ پر کام کرنے والے غیرمقامی مزدوروں پر حملے کرتے رہے ہیں تاکہ ان کو کشمیر سے بھگایا جا سکے۔
گذشتہ ہفتے بہار سے تعلق رکھنے والے ایک مزدور کی تشدد زدہ لاش شوپیا کے علاقے سے برآمد ہوئی تھی۔