Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں بی جے پی رہنما کے بیٹے کا لاہور کی لڑکی سے ’آن لائن نکاح‘

نوجوان نے اُمید ظاہر کی کہ ان کی اہلیہ کو بغیر کسی پریشانی کے انڈین ویزا مل جائے گا (فوٹو: شٹر سٹاک)
پاکستان اور انڈیا کو روایتی حریف سمجھا جاتا ہے اسی لیے جب بھی دونوں ملکوں کے باسیوں کے درمیان محبت کی کوئی کہانی سامنے آتی ہے تو موضوعِ بحث بن جاتی ہے۔
ابھی پاکستان سے انڈیا جانے والی سیما حیدر اور انڈیا سے پاکستان آنے والی انجو کی داستان زیادہ پُرانی نہیں ہوئی کہ سرحد پار سے ایسی ہی ایک اور کہانی منظرِ عام پر آئی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ محبت اور شادی سرحدوں کی پابند نہیں ہوتی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈیا کی ریاست اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رہنما کے بیٹے پاکستانی لڑکی کے ساتھ آن لائن نکاح کر کے شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارپوریٹر تحسین شاہد نے اپنے بڑے بیٹے محمد عباس حیدر کی شادی لاہور کی رہائشی عندلیب زہرا کے ساتھ طے کی تھی۔
درخواست دینے کے باوجود دولہا دو پڑوسی ممالک کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کی وجہ سے ویزا حاصل کرنے سے قاصر تھا۔
صورتحال اُس وقت اور بھی مشکل ہو گئی جب دلہن کی والدہ یاسمین زیدی بیمار ہو گئیں اور انہیں آئی سی یو میں داخل کر دیا گیا۔ ان حالات میں بی جے پی کے رہنما نے شادی کی تقریب آن لائن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔
جمعے کی رات باراتیوں کو جمع کر کے آن لائن نکاح کی تقریب ہوئی جس میں لاہور سے دلہن کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
نوجوان عباس حیدر نے اُمید ظاہر کی کہ ان کی اہلیہ کو بغیر کسی پریشانی کے انڈین ویزا مل جائے گا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کے رُکن برجیش سنگھ پرشو اور دیگر مہمانوں نے شادی کی تقریب میں شرکت کی اور دولہے کے خاندان کو مبارکباد دی۔

شیئر: