Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئینی ترمیم ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مؤثر ثابت ہو گی: شہباز شریف

وزیراعظم نے کہا کہ ’آئینی ترمیم سے عوام کو عدالتی نطام سے بروقت انصاف ملے گا‘ (فوٹو: اے پی پی)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’26 ویں آئینی ترمیم ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مؤثر ثابت ہو گی۔ جوڈیشل بینچ کے قیام سے عام آدمی کو سہولت ملے گی۔‘
منگل کو اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے آئینی ترمیم کی منظوری پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’26 ویں آئینی ترمیم پر حکران اتحاد میں شامل جماعتوں اور اپوزیشن سے طویل مشاورت ہوئی۔ ترمیم کی منظوری میں نواز شریف، صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کا تعاون رہا۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’آئینی ترمیم 2006 میں ہوئے میثاقِ جمہوریت کے ایک اور ورژن کی تکمیل ہے۔ اس ترمیم سے عوام کو عدالتی نطام سے بروقت انصاف ملے گا۔‘
چینی وزیراعظم لی چیانگ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ’چینی وزیراعظم 11 سال بعد پاکستان آئے اور ان کا دورہ کامیاب رہا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم موقع پر اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا۔ چینی، روسی وزیراعظم اور دیگر نے اسلام آباد کی خوبصورتی کی تعریف کی۔
غزہ اور لبنان میں جاری جنگ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’غزہ اور لبنان میں ظلم میں کمی نہیں آ رہی، بےگناہ خواتین اور بچوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ عالمی عدالت کے فیصلوں کو ردّی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا ہے۔‘
انہوں نے اپیل کی کہ ’غزہ میں امدادی سامان پہنچانے میں مشکلات ہیں۔ صاحبِ حیثیت افراد وزیراعظم کے غزہ ریلیف فنڈ میں رقم جمع کرائیں۔‘

شیئر: