Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: ’ویمن ان لیڈرشپ‘ تقریب میں سعودی خواتین کی تعریف

سعودی خواتین سائنس و ٹیکنالوجی کی اعلیٰ تعلیم میں تیزی سے آگے آ رہی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض میں منعقدہ ’ویمن ان لیڈرشپ‘ تقریب میں مملکت میں یورپی چیمبر آف کامرس کے چیئرمین نے کہا ہے ’سعودی خواتین مختلف شعبوں میں قیادت کے عہدوں پر فائز ہیں اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں یورپی چیمبر آف کامرس کے چیئرمین لورکن ٹائرل نے بتایا ’خواتین اعلیٰ تعلیم کے حصول میں تیزی سے آگے آ رہی ہیں اور مملکت میں 58 فیصد انجینئرز خواتین ہیں جو حیران کن ہے۔
سعودی پیشہ ور افراد کے ساتھ اپنے تجربے کے بارے میں ٹائرل نے کہا ’میں نے بیشتر پیشہ ور طلباء کے ساتھ کام کیا ہے جو کاروباری منصوبے بناتے ہیں اور آنے والے مسائل کے حقیقی حل تلاش کرنے میں کھل کر بات کرتے ہیں۔
لورکن ٹائرل نے بتایا ’ 80 فیصد طالبات اب سائنس، ٹیکنالوجی،انجینئرنگ اور میتھمیٹکس کے شعبوں میں اپنا بہتر مستقبل دیکھ رہی ہیں۔
سعودی عرب میں بڑی تبدیلی ہو رہی ہے اور روایتی طور پر مردوں کی بالادستی والی پوزیشنوں پر اب خواتین مساوی طور نظر آ رہی ہیں۔
مردوں کے لیے یہ خطرہ نہیں لیکن یقینی طور پر ہمارے لیے ایک اچھا موقع ہے جسے ہمیں ضرور اپنانا چاہئے۔
ٹائرل نے تعریف کرتے ہوئے کہا ’سعودی عرب میں باصلاحیت خواتین تیزی سے ان شعبوں میں ترقی کر رہی ہیں جو بہت اچھا اقدام ہے،مملکت کی افرادی قوت میں خواتین کی موجودگی اور ٹرن آؤٹ ’متاثر کن‘ ہے۔

مثبت تبدیلی نے خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کے قابل بنایا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

مملکت میں یورپی چیمبر آف کامرس اور DHL کے زیر اہتمام سعودی ویژن 2030 کے مطابق پائیدار مستقبل کے لیے ’ویمن ان لیڈرشپ‘ تقریب کے دوران متعدد سفارت کار، صنعت کار، پالیسی ساز اور مختلف شعبوں کے  کلیدی عہدیدار موجود تھے۔
مملکت بھر کے مختلف شعبوں میں خواتین لیڈروں کو ان کے چیلنجوں میں کامیابیوں اور بااختیار بنانے اور معاشرے کے تمام شعبوں میں شمولیت کو فروغ دینے پر تقریب میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
افتتاحی کلمات یورپی یونین کے وفد کے سربراہ اور سعودی عرب میں یورپی یونین کے سفیر کرسٹوف فرناؤڈ نے ادا کیے جس کے بعد ٹائرل نے کہا ’میرے خیال میں مملکت میں بہت ڈرامائی تبدیلی آئی ہے اور میرے خیال میں گذشتہ چند برسوں میں مملکت میں خواتین کے لیے مثبت تبدیلی نے خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کے قابل بنایا ہے۔‘

 طالبات انجینئرنگ و میتھمیٹکس کے شعبوں میں مستقبل دیکھ رہی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

اس موقع پر مملکت میں سویڈن کی سفیر پیٹرا میننڈر نے بھی معاشرے کے متعدد شعبوں میں بااختیار خواتین کی کامیابیوں پر خیالات کا اظہار کیا۔
آرامکو ڈیجیٹل کے بورڈ ممبر اور آسٹریا کی معیشت اور ڈیجیٹل امور کی سابق وزیر مارگریٹ شرامبوک، سعودی وزارت سرمایہ کاری میں بین الاقوامی تعلقات کی نائب وزیر سارہ السید، ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل دیمہ ال یحییٰ اور مملکت میں یورپی چیمبر آف کامرس کے سی ای او کرسٹیجوناس گیڈ ویلاس نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
 

شیئر: