Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب ریڈنگ چیلنج میں سعودی طالبہ کی پہلی پوزیشن، 100 سے زیادہ کتابیں پڑھی ہیں

یہ پہلا موقع ہے کہ تین شرکا کو ایک ساتھ فاتح قرار دیا گیا ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات دبئی میں عرب ریڈنگ چیلنج 2024 کے آٹھویں ایڈیشن میں سعودی طالبہ کادی الخثعمی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔
 تین غیرمعمولی طلبہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان میں فلسطین سے سلسبیل حسن صوالحہ، سعودی عرب سے کادی بنت مسفر الخثعمی اور شام سے جاسم  الترکاوی شامل ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ تین شرکا کو ایک ساتھ فاتح قرار دیا گیا، ہر ایک کو 50 ہزار درہم  کا نقد انعام دیا گیا۔
دبئی اوپیرا میں ہونے والی تقریب میں امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے فاتحین کو اعزاز سے نوازا۔
عرب ریڈنگ چیلنج کے آٹھویں ایڈیشن میں غیر معمولی شرکت ریکارڈ کی گئی۔ پچاس ملکوں کے 28 ملین سے زیادہ طلبہ نے دو لاکھ 29 ہزار 620 تعلیمی اداروں کی نمائندگی کی۔
سعودی طالبہ کادی الخثعمی کا کہنا ہے’ انہیں مطالعے کا شوق ہے اور انہوں نے کئی شعبوں میں مطالعہ کیا ہے۔ ان میں ثقافتی اور سائنسی کتب شامل ہیں۔ اپنے دل کے قریب رہنے والی کتابیں پڑھتی ہوں‘۔
سبق نیوز کے مطابق عرب چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا ’جو کتابیں پڑھیں ان کی تعداد سو سے تجاوز کرگئی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا ’مجھے ایوارڈ جیتنے کا یقین تھا۔ کتب بینی کے لیے ایک شیڈول مقرر کیا۔ فارغ وقت میں ایسی کتابوں کی تلاش میں رہتی ہوں جو مجھے پسند ہیں اور پھر مطالعے کے لیے خود کو وقف کردیتی ہوں۔‘

شیئر: