’وادی لجب‘ مہم جو افراد، کوہ پیماؤں اور آثار قدیمہ کے ماہرین کی منزل
وادی لجب کو عالمی جیو پارکس میں شمولیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے علاقے جازان میں دلکش ساحل اورجزائر کے ساتھ سبزے ڈھکے پہاڑ، سرسبز وادیاں جہاں سال بھر ندیاں بہتی ہیں علاقے میں گھنے جنگلات سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے’ کے مطابق’وادی لجب‘ اہم اور نمایاں سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے جو الریث گورنریٹ میں واقع ہے۔ یہ جازان شہر سے تقریباً 150 کلو میٹر شمال میں واقع ہے۔
یہ جبل القھر کے مشرقی حصے میں واقع ہے جو سیاحت اور مہم جو افراد، آثار قدیمہ کے ماہرین اور کوہ پیماؤں کے لیے بہترین مقام ہے اور جو اس خطے کی قدیم تاریخ اور وہاں پائی جانے والی تحریروں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
پہاڑ کے دامن میں واقع وادی لجب شمال سے جنوب سمت میں تقریباً 11 کلو میٹر تک پھیلی ہوئی ہے۔
وادی کے دلکش نظاروں اور حیرت انگیز فطرت سے لطف اندوز ہونے کے لیے جبل القھر کے مشرقی جانب سے ایک راہداری کے ذریعے اس تک پہنچا جاسکتا ہے۔
یہ راہداری آبشاروں، تالابوں، کھجور کے درختوں سے آباد ہے۔ اس کے اطراف میں درخت اور باغات کے حیرت انگیز مناظر ہیں جو دیکھنے والوں کے دل موہ لیتے ہیں۔
وادی لجب کو مملکت بھر میں 13 مقامات کے ساتھ عالمی جیو پارکس میں شامل کرنے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ اب سعودی گرین انیشیٹو کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے یہاں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں