سعودی امدادی ایجنسی نے پاکستان میں ڈیڑھ ہزار شیلٹر بیگ تقسیم کیے
سعودی امدادی ایجنسی نے پاکستان میں ڈیڑھ ہزار شیلٹر بیگ تقسیم کیے
اتوار 20 اکتوبر 2024 18:52
یہ اقدام پاکستان میں ونٹر شیلٹر بیگ منصبوبے کے چوتھے مرحلے کا حصہ ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات نے پاکستان کے صوبے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈیڑھ ہزار شیلٹر بیگ تقسیم کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق اس امداد سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انتہائی ضرورت مند خاندانوں کے 10 ہزار 500 افراد کو فائدہ پہنچا ہے۔
یہ اقدام پاکستان میں 2024 کے لیے ونٹر شیلٹر بیگ منصبوبے کے چوتھے مرحلے کا حصہ ہے۔
یہ سعودی عرب کی جانب سے شاہ سلمان مرکز کے ذریعے کی جانے والی امدادی اور انسانی کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں ضرورت مندوں اور متاثرہ افراد کے مصائب کو دور کرنا ہے۔
علاوہ ازیں سعودی امدادی ایجنسی نے اس ماہ کے آغاز پر شمالی لبنان اور اردن میں میڈیکل سروسز کو فنڈز فراہم کیے ہیں۔
شمالی لبنان میں سبل السلام ریلیف ٹیم کے ساتھ المنیہ ڈسٹرکٹ کی ایمبولینس سروس نے مرکز کی مدد سے 4 سے 10 اکتوبر تک 83 ایمرجنسی میڈیکل مشن مکمل کیے۔
ان سروسز میں مریضوں کی ہسپتالوں میں منتقلی اور ٹریفک حادثات کے متاثرین کو ہنگامی امداد فراہم کرنا شامل ہے۔
اردن میں شاہ سلمان مرکز نے اکتوبر کے پہلے ہفتے کے دوران شامی ہناہ گزینوں کے الزعتری پناہ گزین کیمپ میں دو ہزار 605 مریضوں کو طبی خدمات فراہم کیں۔