مکہ سمیت کئی علاقوں میں منگل سے آئندہ ہفتے تک بارش کا الرٹ
شہری دفاع نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ شہری دفاع نے منگل سے آئندہ ہفتے تک مملکت کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں۔
’سیلاب والے مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات کے قریب نہ جائیں۔ ایسے مقامات پر جہاں پانی کا پانی جمع ہوجاتا ہے تیراکی سے گریز کیا جائے۔‘
شہری دفاع کا کہنا ہے ’بارش کے دوران سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع ابلاغ کے توسط سے جاری کی جانے والی ہدایات کی پا بندی کی جائے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ مکہ مکرمہ ریجن درمیانے درجے سے موسلادھار بارش کی زد میں رہے گا۔ ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔‘
’مکہ مکرمہ، الجموم، الکامل، الخرمہ، تربہ، رنیہ، المویہ، القنفذہ، اللیث، طائف، میسان، اضم، العرضیات، جدہ، بحرہ، خلیص اور رابغ بارش سے متاثر ہوں گے۔‘
ریاض ریجن میں بھی درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے جبکہ مدینہ منور، حائل، قصیم، الشرقیہ، حدود شمالیہ، باحہ، عسیر اور جازان ریجن کے علاقے درمیانی سے شدید بارش کی زد میں رہیں گے۔
تبوک، الجوف اور نجران ریجن کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔