Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کے معمر جوڑے نے گھر میں بیٹے کی لاش کے ساتھ بے خبری میں چار روز گزار دیے

پولیس کا کہنا ہے کہ جب وہ اس فلیٹ میں پہچنے تو بزرگ میاں بیوی نیم بے ہوشی کی حالت میں تھے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
انڈیا میں معمر میاں بیوی کو گھر میں اپنے بیٹے کی موت کا چار دن تک پتا نہ چل سکا۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ انڈیا کی ریاست حیدرآباد کی نابینا افراد کے لیے مخصوص کالونی میں پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق چار روز گزر جانے کے بعد اس وقت اس واقعے کی اطلاع ہوئی جب پڑوسیوں کو قریبی فلیٹ سے ناخوش گوار بُو کا احساس ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا۔
آئی اے این ایس نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم کلووا رامانا اور ان کی اہلیہ شانتی کماری اپنے چھوٹے بیٹے پرامود کے ساتھ ایک کرائے کے فلیٹ میں رہتے تھے۔
ان کے 30 سالہ بیٹے کی اہلیہ سے علیحدگی کے بعد ان کی دو بیٹیاں بھی اہلیہ اپنے ساتھ لے گئی تھیں۔ پرامود مبینہ طور پر الکوحل کے عادی تھے۔
ناگول پولیس سٹیشن کے ہیڈ آفیسر سوریا نائیک نے بتایا کہ کلووا رامانا اور شانتی کماری کی عمریں 60 برس سے زائد ہیں۔ وہ اپنے بیٹے پرامود کو کھانا اور پانی دینے کے لیے پکارتے رہے لیکن انہیں کوئی جواب نہ ملا۔
ان کی آواز کے دھیما ہونے کی وجہ سے پڑوسی بھی ان کی جانب توجہ نہ دے سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جب وہ اس فلیٹ میں پہچنے تو بزرگ میاں بیوی نیم بے ہوشی کی حالت میں تھے۔ انہیں ریسکیو کر کے کھانا اور پانی فراہم کیا گیا۔
سورما نائیک نے مزید بتایا کہ پرامود کی موت شاید چار پانچ دن قبل نیند کی حالت میں ہوئی ہے۔ اب ان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے۔
اس واقعے کے بعد بزرگ میاں بیوی کو اسی شہر میں ایک دوسری جگہ رہنے والے ان کے بڑے بیٹے پرادیپ کے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔

شیئر: