Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جہاز میں بم‘ کی دھمکیاں دینے پر انڈیا میں 25 سالہ بے روزگار شخص گرفتار

14 اکتوبر سے اب تک 275 سے زیادہ پروازوں کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں (فوٹو: ایئر انڈیا)
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی سے تعلق رکھنے والے ایک 25 سالہ بے روزگار شخص کو جعلی بم کی دھمکیاں دینے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق گذشتہ ہفتے ایئرلائنز کو اس طرح کی دھمکیوں کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد سے یہ دوسری گرفتاری ہے۔
دہلی پولیس کے حکام نے بتایا کہ اس شخص نے ٹیلی ویژن پر اسی طرح کی کالز کی رپورٹس دیکھنے کے بعد اپنی طرف توجہ مبذول کرانے کے لیے دھمکیاں دینے کا اعتراف کیا۔
14 اکتوبر سے اب تک 275 سے زیادہ پروازوں کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں اور ممبئی پولیس نے گذشتہ ہفتے ایک 17 سالہ نوجوان کو حراست میں لیا تھا۔
دہلی پولیس نے سنیچر کو کہا کہ دارالحکومت کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعے کی رات اور سنیچر کی صبح کے درمیان سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے۔
ان دھمکیوں کے خلاف ایک کیس درج کیا گیا اور تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ اکاؤنٹ مغربی دہلی کے اتم نگر علاقے کے راجا پوری کے رہنے والے شبھم اپادھیائے کا ہے۔
اپادھیائے کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور پوچھ گچھ کرنے پر اس نے انکشاف کیا کہ اس نے ٹی وی پر اسی طرح کی کالوں کی خبریں دیکھ کر توجہ حاصل کرنے کے لیے دھمکیاں دی تھیں۔
پولیس نے بتایا کہ 25 سالہ اپادھیائے بے روزگار ہے اور اس نے 12 ویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے۔
دہلی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔ ہم ہر ایک کو چوکس رہنے کی ترغیب دیتے ہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع حکام کو دیتے ہیں۔‘
16 اکتوبر کو ممبئی پولیس نے چھتیس گڑھ کے راج ناندگاؤں سے سکول چھوڑنے والے ایک 17 سالہ نوجوان کو 14 اکتوبر کو چار پروازوں کو دھمکیاں دینے کے الزام میں حراست میں لے لیا تھا۔
جن چار پروازوں کو لڑکے نے دھمکیاں دی تھیں ان میں سے دو تاخیر کا شکار ہوئیں، بشمول ممبئی سے نیویارک جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز جس کا رخ نئی دہلی کی طرف موڑ دیا گیا تھا، اور ایک پرواز کو منسوخ کرنا پڑا تھا۔
جمعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھیجی گئی ایک ایڈوائزری میں الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے کہا کہ ایئرلائنز کو جاری کردہ جعلی بم کی دھمکیاں امن عامہ کے لیے خطرہ ہیں اور ان سے کہا کہ وہ اس طرح کی غلط معلومات کے پھیلاؤ کے خلاف جلد از جلد کارروائی کریں۔

شیئر: