سعودی لیڈی ڈاکٹر نے دوران پرواز خاتون مسافر کی کیسے مدد کی؟
مسافر خاتون سانس کے مرض میں مبتلا تھیں، شدید چکر بھی آرہے تھے۔( فوٹو: عرب نیوز)
جدہ سے جازان جانے والی السعودیہ کی پرواز میں سعودی لیڈی ڈاکٹر کی اتفاقی موجودگی مریضہ کو فوری طبی امداد کی فراہمی میں معاون ثابت ہوئی۔
عاجل نیوز کے مطابق سعودیہ ایئرلائن کی پرواز ایس وی 1780 کے عملے کو اس وقت ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب پرواز میں سوار ایک خاتون کی حالت غیر ہوگئی۔
جہاز کے کپتان نے مسافروں سے اپیل کی کہ اگر کوئی خاتون ڈاکٹر ہے تو وہ ان کی مدد کرے۔
اتفاق سے سعودی لیڈی ڈاکٹر بشری خالد القاضی بھی اسی فلائٹ میں تھیں، انہوں نے اعلان سنا تو فوری طور پر عملے سے رابطہ کیا تاکہ وہ مریضہ کو فوری طبی امداد فراہم کر سکیں۔
ڈاکٹر بشریٰ خالد القاضی کا کہنا تھا کہ ’جیسے ہی انہیں مریضہ کے بارے میں علم ہوا وہ اپنی نشست چھوڑ کر فلائٹ کے عملے کے پاس گئیں جو انہیں مریضہ کے پاس لے گئے۔‘
مسافر خاتون کا معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ سانس کے مرض میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے انہیں شدید چکر بھی آرہے تھے۔
خاتون کا طبی معائنہ کرنے کے بعد جہاز میں موجود ہنگامی میڈیکل کٹ سے آکسیجن سیلنڈر کا استعمال کرتے ہوئے مریضہ کو آکسیجن فراہم کی گئی جس سے ان کی حالت قدرے بہتر ہونے پر انہیں سکون آور گولیاں دے کر سلا دیا گیا۔
جہاز کے کپتان کے جازان ایئرپورٹ سے رابطہ کرکے ہنگامی صورتحال کے لیے رن وے پر ایمبولینس بھی طلب کرلی تھی۔
لینڈنگ کے بعد مریضہ کی حالت جانچنے کے لیے انہیں ایمبولینس میں منتقل کردیا گیا۔