Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وسطی اسرائیل پر میزائل حملے میں کم سے کم 19 افراد زخمی، ایمبولینس سروس

نیشنل ایمبولینس سروس کے مطابق وسطی اسرائیلی قصبے طیرا میں سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
اسرائیلی پولیس نے کہا ہے کہ میزائل حملوں میں وسطی اسرائیل کے علاقے شیرون میں 19 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سنیچر کی صبح اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ لبنان سے اسرائیلی سرزمین پر تین میزائل داغے گئے ہیں۔
نیشنل ایمبولینس سروس نے کہا ہے کہ وسطی اسرائیلی قصبے طیرا میں سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ میزائل داغنے کے بعد وسطی اسرائیل کے کئی علاقوں میں سائرن بجنے لگے اور کچھ میزائل ناکارہ کیے گئے۔
نیشنل ایمبولینس سروس اور مقامی میڈیا نے بتایا کہ طیرا میں لوگ معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
عراق میں اسلامک ریزسٹنٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل میں ایک ’اہم ہدف‘ پر ڈرون لانچ کیے ہیں۔ یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ آیا اس تنظیم کی کارروائی سے لوگ زخمی ہوئے۔
لبنان میں حالیہ ہفتوں میں اسرائیلی افواج اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی میں ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا ہے۔
جمعرات کو اسرائیل کی ریسکیو سروس نے کہا تھا کہ لبنان سے راکٹ حملے میں شمالی اسرائیل میں مزید دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس سے وہاں ہلاکتوں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔
حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر یہ تنازع گزشتہ ماہ اس وقت ایک مکمل جنگ کی شکل اختیار کر گیا جب اسرائیل نے لبنان میں فضائی حملے شروع کر دیے اور حزب اللہ کے سرکردہ رہنما حسن نصراللہ اور ان کے بیشتر ساتھیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اکتوبر کے آغاز میں اسرائیل کی زمینی افواج لبنان میں داخل ہوئی تھیں۔

شیئر: