آن لائن خریداری میں جعلسازی سے خبردار، وزارت تجارت کا انتباہ
وزارت کا کہنا ہے لوگ فرضی اشتہارات کے جھانسے میں نہ آئیں ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی وزارت تجارت نے لوگوں کو غیرقانونی اشتہارات کے ذریعے فرضی ای مارکیٹنگ پر جعل سازی سے خبردار کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت نے سوشل میڈیا پر ایسے فرضی اور گمراہ کن اشتہارات کے بارے میں لوگوں کو خبردار کیا ہے جو لوگوں کو جعلی وڈیو دکھا کر ان سے رقوم ہتھیا لیتے ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے’ لوگوں کو چاہیے کہ وہ فرضی اشتہارات کے جھانسے میں نہ آئیں جو قیمتی مصنوعات کی وڈیو دکھا کر یہ ظاہر کرتے ہیں کہ انتہائی ارزاں قیمت پر اشیا فروخت کی جارہی ہیں۔‘
وزارت تجارت نے ایسی فرضی ای مارکیٹنگ اور سوشل میڈیا پر ان کے اشتہارات دینے والوں کے حوالے سے لوگوں کو انتباہ کیا کہ وہ ان کے چکر میں نہ پڑیں جب بھی آن لائن شاپنگ کریں تو اس سے قبل ڈیجیٹل مارکیٹ کے بارے میں تحقیق کرلیں تاکہ کسی دھوکے بازی کا شکار نہ ہوں۔‘
جعل سازی کے حوالے سے وزارت کا کہنا تھا’ تفتیشی ٹیموں کو اس قسم کے اشتہارات موصول ہوئے جس میں بڑی ٹی وی اسکرینز کی حقیقی وڈیوز دکھا کر یہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ لوٹ سیل لگائی گئی ہے۔‘
’جعل ساز اپنے شکار کو یہ ظاہر کرتے کہ موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی اسکرین بک کرلیں ساتھ ہی وہ یہ بھی بتاتے کہ کمپنی کا ویئرہاوس حفرالباطن میں ہے جہاں سے انہیں پروڈکٹ ارسال کردی جائے گی۔‘
وزارت کا کہنا تھا کہ ’ایسی کوئی ڈیجیٹل مارکیٹ رجسٹر نہیں ہے اس لیے اس قسم کی دھوکے بازی کے چکر میں نہ پڑیں۔‘