Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کو شکست، ’یہی ہوگا جب انا کی تسکین کیلئے فخر زمان کو ڈراپ کریں گے‘

کرکٹ شائقین عرفان خان کو عمدہ فیلڈنگ کرنے پر کافی سراہتے دکھائی دیے (فوٹو: اے ایف پی)
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں سنسی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا جہاں آسٹریلیا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
پیر کے روز میچ کے آغاز میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی مگر گرین شرٹس سکور بورڈ پر مناسب ٹوٹل درج کرنے میں ناکام رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور خاص طور پر نسیم شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو 200 رنز کے پار لے گئے۔ 
میچ میں دلچسپ صورتحال تب پیدا ہوا جب پاکستان نے آسٹریلیا کے دونوں آپنرز کو آغاز میں ہی پولین بھیجا اور اس کے بعد حارث رؤف کی جاندار بولنگ نے میچ میں جان ڈال دی، یہاں تک کہ پاکستان جیت کے قریب پہنچنے کو تھا۔ 
آسٹریلیا کو کپتان پیٹ کمنز نے آ کر سنبھالا اور میچ اپنے نام کیا۔  
واضح رہے پاکستان کرکٹ ٹیم حالیہ دنوں میں مختلف کرکٹ میچز میں متعدد شکستوں سے دوچار کر تنقید کی زد میں رہی ہے جس کے ردعمل میں ٹیم میں کئی انتظامی اور سکواڈ کی تبدیلیاں بھی دیکھنے میں آئی ہیں۔ 
انگلینڈ سے ٹیسٹ سیرز جیتنے کے بعد پاکستانی کرکٹ شائقین پرامید تھے اور آسٹریلیا میں پاکستان کے دورے سے کافی امیدیں لگائے ہوئے ہیں۔ تاہم سیریز کا پہلا ون ڈے میچ ہارنے پر شائقین کی جانب سے کافی مثبت ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ٹیم گریم نامی اکاؤنٹ نے لکھا ’کوئی کچھ نہیں کہے گا جب آپ فائٹ کر کے ہارتے ہیں۔ یہی جیت کا جذبہ بابر اعظم کی کپتانی میں موجود نہیں تھا، شکریہ کپتان رضوان۔‘

میری ماروف نے لکھا ’کم از کم انہوں (پاکستان ٹیم) نے کوشش کی۔‘

حسن نامی صارف نے لکھا ’آج کے میچ کے لیے کس کو قصور وار ٹھہرائیں؟‘

ایک صارف نے عرفان خان کی بطور ڈیبیوٹنٹ اچھی فیلڈنگ کی تعریف میں لکھا ’کوئی کھلاڑی اپنے اپنے انٹرنیشنل میچ میں ایسا کیچ کیسے کر سکتا ہے؟‘

یوسف نے لکھا ’کرکٹ کے قانون تبدیل ہو گئے کیا؟ یہ چھکا کیسے قرار دیا جا سکتا ہے؟‘

واضح رہے عرفان خان نے ہوا میں اچھل کر باؤنڈری سے پار جاتے بال کو روکا تھا۔ 
ایک صارف نے ٹیم کی ہار کو فخر زمان کے سکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کے ساتھ جوڑا اور لکھا ’یہی ہوتا ہے جب آپ سب سے اہم کھلاڑی کو اپنی انا کی تسکین کے لیے ٹیم سے ڈراپ کرتے ہیں۔‘

حمزہ شیخ نے لکھا ’بابر اور رضوان کو نسیم شاہ سے سیکھنا چاہیے۔‘

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون  ڈے انٹرنیشنل 8 اور تیسرا 10 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان 14 سے 18 نومبر تک ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔

شیئر: