دورہ کامیاب رہا، جلد ہی پاکستان سے وفد سعودی عرب جائے گا: شہباز شریف
دورہ کامیاب رہا، جلد ہی پاکستان سے وفد سعودی عرب جائے گا: شہباز شریف
پیر 4 نومبر 2024 14:45
وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ون آن ون ملاقات ہوئی (فوٹو: سکرین گریب)
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب اور قطر کا کامیاب دورہ کر کے آیا ہوں۔ جلد ہی پاکستان سے وفد سعودی عرب روانہ ہو گا۔‘
پیر کو کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو سمٹ میں خطاب کرنے کا موقع ملا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے پاکستان کے لیے ایک مرتبہ پھر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی ولی عہد سے ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور ترقی کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
’اگلے دن انہوں نے اپنی ٹیم بھجوائی جس میں وزیر سرمایہ کاری بھی شامل تھے۔ ملاقات میں سولر، زراعت اور دیگر باہمی شراکت کے شعبوں پر بات چیت ہوئی۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بڑا واضح کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے میں بہت گنجائش ہے۔ ہُنرمند افرادی قوّت بھجوائیں، لاکھوں افراد کی ضرورت ہے اور آئندہ سال اس کی زیادہ ضرورت ہو گی۔‘
اپنے دورۂ قطر کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قطر کا دورہ بھی سعودی عرب کے دورے کی طرح مفید رہا۔ ’قطر آئی ٹی ، معدنیات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ امیر قطر نے پاکستان میں آئی ٹی پارک بنانے کا عندیہ دیا ہے اور تین ارب ڈالر سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
’قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کی ٹیم اسی ماہ پاکستان آ رہی ہے اور اس ماہ کے آخر میں اتھارٹی کے چیئرمین تشریف لائیں گے۔‘