الیکشن کے ابتدائی نتائج، ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے شیئرز میں اضافہ
بدھ 6 نومبر 2024 10:17
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
امریکی صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج آنے کے بعد سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قائم کردہ سوشل میڈیا کمپنی ٹروتھ سوشل کے شیئرز میں اضافہ ہوا ہے۔
سی این این کے مطابق منگل کی صبح ٹروتھ سوشل کے شیئرز میں 13 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد فی حصص 39.18 ڈالر پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
یہ پلیٹ فارم ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ کی ملکیت ہے۔ سابق امریکی صدر نے 2021 میں فیس بک اور ایکس (پھر ٹویٹر) سے خود پر پابندی لگائے جانے کے بعد شروع کیا تھا۔
ٹرمپ کے ایکس اور فیس بک اکاؤنٹس کو بعد میں بحال کر دیا گیا تھا، تاہم ٹرمپ اس پلیٹ فارم کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے ہونے والے نقصانات کے بعد ٹروتھ سوشل کے سٹاکس میں پیر کو 12 فیصد تک کا اضافہ ہوا۔
سی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ تاجر یہ قیاس کر رہے ہیںکہ ٹرمپ کی ممکنہ فتح سے ٹروتھ سوشل کی قدر میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ٹروتھ سوشل ٹرمپ میڈیا کا ایک اہم پراڈکٹ ہے جو اس وقت خصارے سے دوچار ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ میڈیا اربوں ڈالر کے میم سٹاک میں تبدیل ہو گیا ہے اور اس انتخابی معرکے نتائج پر داؤ لگانے کے خواہاں تاجروں کے لیے ایک مقبول سٹاک بن گیا ہے، جس سے اس کے بڑے شیئر ہولڈر کی مجموعی مالیت میں اضافہ ہوا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ ٹریڈ کے کئی دیگر کمپونینٹس میں بھی منگل کو مثبت رجحان رہا جن میں بڑے بینک سٹاکس، بٹ کوائن، نجی جیل کمپنیوں جیو گروپ اور کور سیوک شامل ہیں۔