Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی رہنماؤں کی ڈونلڈ ٹرمپ کو ’تاریخی واپسی‘ پر مبارکباد

امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ 266 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں جبکہ کملا ہیرس کو اب تک 195 ووٹ ملے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم ریاستوں میں برتری حاصل کرنے کے بعد صدارتی الیکشن میں اپنی فتح کا دعویٰ کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ 266 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں جبکہ کملا ہیرس کو اب تک 195 ووٹ ملے ہیں۔
اب تک کی ملنے والی اطلاعات سے بظاہر ڈونلڈ ٹرمپ ہی امریکہ کے اگلے صدر منتخب ہوتے نظر آ رہے ہیں جس کا فیصلہ اگلے ماہ دسمبر میں ہونا ہے۔ 
 
ڈونلڈ ٹرمپ کے فتح کے دعویٰ کے بعد سوشل میڈیا پر دنیا بھر کے رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات پوسٹ کیے جا رہے ہیں۔
بدھ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی۔
شہباز شریف نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری مدت کے لیے ان کی تاریخی فتح پر مبارکباد! میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے لیے آنے والی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ایکس پر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ’ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی الیکشن میں تاریخی کم بیک پر مبارکباد۔ امریکی لوگوں نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم جے ڈی وینس، ایلون مسک، رابرٹ کینیڈی جونیئر، تلسی گبارڈ کو شاندار کامیابی دی ہے۔‘
بلاول بھٹو نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا ’یہ جنگ مخالف بیانیے کی فتح ہے اور جنگ مخالف بیانیے کا مینڈیٹ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ نئی انتظامیہ امن کو ترجیح دے گی اور عالمی تنازعات کو ختم کرنے میں مدد کرے گی۔‘ 
امیر قطر نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدارتی انتخاب جیتنے پر مبارکباد۔ میں آپ کی مدت کے دوران آپ سب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور اپنے سٹریٹجک تعلقات اور شراکت داری کو مضبوط بنانے، خطے اور عالمی سطح پر سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے ہماری مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے دوبارہ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں‘۔

فرانس کے صدر نے بھی اپنی ایکس پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی اور لکھا ’صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد۔ آپ کے اور میرے یقین، احترام اور عزائم کے ساتھ مزید امن اور خوشحالی کے لیے ایک ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں، جیسا کہ ہم چار سالوں سے کرتے آئے ہیں۔‘
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’آپ کی تاریخی انتخابی جیت پر دل کی گہرائیوں سے مبارک ہو میرے دوست ڈونلڈ ٹرمپ۔ جیسا کہ آپ اپنی پچھلی مدت کی کامیابیوں کو آگے بڑھا رہے ہیں، میں انڈیا اور امریکہ کی جامع عالمی اور سٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے تعاون کی تجدید کا منتظر ہوں۔ آئیے مل کر اپنے لوگوں کی بہتری اور عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے کام کریں۔‘

اسرائیلی وزیراعظم بینجامن نیتن یاہو نے بھی ٹرمپ کو مبارکباد دی اور لکھا ’پیارے ڈونلڈ اور میلانیا ٹرمپ، تاریخ کی سب سے بڑی واپسی پر مبارکباد۔  وائٹ ہاؤس میں آپ کی تاریخی واپسی امریکہ کے لیے ایک نئی شروعات اور اسرائیل اور امریکہ کے درمیان عظیم اتحاد کے لیے ایک مضبوط عزم ظاہر کرتی ہے۔ یہ ایک بہت بڑی فتح ہے۔‘

شیئر: