الجبیل آرمڈ فورسز ہسپتال میں آکسیجن تھراپی کا جدید طریقہ علاج
الجبیل آرمڈ فورسز ہسپتال میں آکسیجن تھراپی کا جدید طریقہ علاج
جمعرات 7 نومبر 2024 5:48
اس چیمبر پر ایک کروڑ ریال لاگت آئی ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
الجبیل میں آرمڈ فورسز ہسپتال میں آکسیجن روم کی جدید طبی سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے جہاں گینگرین، آگ سے جھلسنے اور کاربن مونو آکسائیڈ کے زہریلے اثرات سے متاثر ہونے والے مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ہسپتال کے شعبہ آکسیجن تھراپی کے سربراہ ڈاکٹر یوسف العوفی نے بتایا کہ ہسپتال میں جھلس جانے اور ڈوبنے کے وجہ سے پھپھڑوں میں پانی بھر جانے والے مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لیے سال 2014 میں یہ سینٹرقائم کیا گیا تھا۔
مذکورہ سینٹر میں آکسیجن تھراپی کے لیے جدید ترین چیمبرز کا اضافہ کیا گیا ہے جسے ’کواٹروچیمبرز‘ کہا جاتا ہے۔ مذکورہ طریقہ علاج کے لیے مربع شکل کے کمرے استعمال کیے جاتے ہیں جن میں ایسے مریضوں کو رکھنے کا مقصد ان کی نفسیاتی حالت کو بہتر بنانا ہے جو حادثے کے بعد تنگ مقامات کے خوف میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔
ڈاکٹر العوفی کا مزید کہنا تھا کہ ایک چیمبر میں 13 افراد کی گنجائش ہوتی ہے جن میں 11 مریض اور طبی عملے کے 2 افراد ہوتے ہیں۔ اس وقت ہسپتال میں دو چیمبرز تیار کیے گئے ہیں اس طرح یومیہ 88 مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ ہر چیمبر ہسپتال کے اوقات کے دوران چار بار استعمال کیا جاسکتا ہے۔
مذکورہ چیمبر کی لاگت کے حوالے سے ڈاکٹر العوفی کا کہنا تھا کہ یورپی اور جرمن ٹیکنالوجی کے اس چیمبر پر ایک کروڑ ریال لاگت آئی ہے۔ چیمبر میں مریض کو سو فیصد خالص اکسیجن میں رکھا جاتا ہے جس سے مریضوں کے جسم کی شریانیں کھل جاتی ہیں اور انہیں سکون ملتا ہے جو ان کے مرض کے لیے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں