Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہسپتال کی خدمات کے اعتراف میں آرٹسٹ کا انمول تحفہ

ہسپتال کی راہداریوں میں پینٹنگز کے ذریعے جمالیاتی حسن بھی شامل ہو گا۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ کے گارڈینا رہائشی کمپلیکس میں سعودی ہسپتالوں  کی خدمات کے اعتراف میں مصر، یمن، انڈیا اور سعودی عرب کے 22 فنکاروں کے آرٹ کے نمونوں کی نمائش اور ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق کنگ فہد آرمڈ فورسز ہسپتال کی خدمات کے اعتراف میں آرٹ ہارمنی گیلری کے زیراہتمام تین روزہ آؤٹ ڈور ایونٹ 'ہمارے پرانے پڑوس کے دروازے' کے زیرعنوان تھا۔

آرٹ کا پیغام بنیادی طور پر انسانی خدمات کا اعتراف ہے۔ فوٹو عرب نیوز

اس تقریب کے افتتاحی روز جدہ میں جاپانی قونصل جنرل ازورو شیمورا نے شرکت کی۔ سعودی شہزادی اور شاعرہ  جوہرات الصحرا اس تقریب میں اعزازی مہمان کے طور پر مدعو تھیں۔
اس نمائش اور ورکشاپ کا خیال اس وقت ذہن میں آیا جب ایک فنکارہ مطلوبہ قربان کی والدہ کی وفات سے قبل کنگ فہد آرمڈ فورسز ہسپتال میں بہت زیادہ نگہداشت کی گئی۔
والدہ کے انتقال کے تقریباً دس دن بعد مطلوبہ قربان نے اپنی چند ساتھی آرٹسٹ کو  کنگ فہد ہسپتال کی بہترین طبی خدمات کے بارے میں بتایا جو اس کی والدہ کو یہاں دستیاب تھیں۔

فنکارہ مطلوبہ قربان کی والدہ کے لیے دعائیہ کلمات کے بعد تمام آرٹسٹوں نے کنگ فہد آرمڈ فورسز ہسپتال اور وہاں کے عملے  کی خدمات کے اعتراف میں اس  فنکارانہ ورکشاپ کے ذریعے اپنی جذبات اور شکریہ کا اظہار کیا۔
اس نمائش میں رکھی گئی تمام پینٹنگز ہسپتال کوتحفے کے طور پر دی جائیں گی تاکہ ہسپتال کی راہداریوں میں ان پینٹنگز کےذریعے ایک جمالیاتی حسن بھی شامل کیا جا سکے۔
تقریب کی منتظم مطلوبہ قربان نے بتایا ہے کہ آرٹ کی اس نمائش اور ورکشاپ میں 22 فنکاروں نے حصہ لیا جن میں مرد اور خواتین آرٹسٹ شامل تھیں۔

کنگ فہد آرمڈ فورسز ہسپتال کی انتظامیہ کو پیش کی گئی  پینٹنگز میں ایک خاص قسم کی خوبصورتی جھلکتی ہے جو پرانے محلوں کی یاد دلاتی ہے۔
اس موقع پر فنکارہ کا کہنا تھا کہ ہمارے اس اقدام کو ہسپتال کی جانب سے قبول کئے جانے اور ہسپتال میں جگہ مختص کرنے پر ہمیں انتہائی خوشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نمائش اور ورکشاپ میں کئی معروف سعودی فنکاروں نے شرکت کی جن میں امل فیلمبان، فہد ترکستانی اور عبداللہ السلیمانی نمایاں نام ہیں۔
اس تقریب کی انتظامیہ میں شامل ڈاکٹر خالد عقل نے بتایا ہےکہ فنکاروں کا یہ اقدام  ہسپتال سے اظہار تشکر کا ایک ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ  آرٹ کا پیغام بنیادی طور پر انسانی خدمات کا اعتراف ہے اوربطور فنکار ہم ہمیشہ ایسے مواقع پر موجود ہوتے ہیں جہاں انسانی خدمات کے جذبے ابھرتے ہیں اور یہ ان کی غیر معمولی کارکردگی کا اعزاز ہے۔
شہزادی جوہرات الصحرا نے بتایا کہ ہمارے ہسپتال مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات پر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں درحقیقت صحت کی ان جدید سہولیات پر فخر ہے جو سعودیوں اورمقیم غیر ملکیوں دونوں کو فراہم کی جاتی ہیں۔
 

شیئر: