Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبرپختونخوا: غریب نوجوانوں کی اجتماعی شادی، ’کاروبار کے لیے 2 لاکھ روپے دیں گے‘

قاسم علی شاہ نے بتایا کہ نوجوانوں کو کاروبار کے لیے دو لاکھ روپے حکومت ادا کرے گی (فوٹو: شٹرسٹاک)
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے غریب نوجوانوں کے لیے نیا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت غریب اور بے روزگار نوجوانوں کی مفت شادی کروا کر انہیں کاروبار کے لیے رقم دی جائے گی۔
وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے محکمۂ سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام غریب نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی مفت شادی کروائی جائے۔ شادی کے خواہش مند غریب نوجوان، سوشل ویلفیئر کے پاس درخواست جمع کروائیں گے۔
خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود قاسم علی شاہ نے بتایا کہ ’ضلعی سطح پر اس منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت 20 سے 30 افراد کی اجتماعی شادی کرائی جائیں گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ مستحق جوڑوں کے لیے شادی ہال کا بندوبست کر کے ولیمے کے کھانے کا انتظام کیا جائے گا۔ ’غریب یا بےروزگار نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی جن کی شادی اخراجات کی وجہ سے نہیں ہوپاتی۔‘
وزیر برائے سماجی بہبود قاسم علی شاہ کے مطابق بارات میں مہمانوں کے لیے گاڑیاں حکومت مہیا کرے گی جبکہ دلہن کو ضرورت کا سامان فراہم کرنا بھی سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داری ہوگی۔
قاسم علی شاہ نے مزید بتایا کہ شادی کے بعد نئے کاروبار کے لیے یا پھر کاروبار کو وسعت دینے کے لیے دو لاکھ روپے حکومت ادا کرے گی جو کہ حکومت کی طرف سے اس نئے جوڑے کے لیے ایک تحفہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ’2 لاکھ روپے سے نوجوان کاروبار شروع کر سکتے ہیں جس سے گھر کا چولہا جلے اور بے روزگاری ختم ہو۔‘ 
خیبرپختونخوا محکمہ سوشل ویلفیئر حکام کے مطابق اس پروگرام کے تحت ہر تین ماہ بعد درخواستیں طلب کی جائیں گی جس کی جانچ پڑتال کے بعد مستحق لڑکوں اور لڑکیوں کی شادی کروائی جائے گی۔
ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر اور سوشل ویلفیئر کے ضلعی افسران شادی میں میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔
سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق وزیراعلیٰ نے نئے سال کے آغاز سے پہلے پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے سود سے پاک قرضے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پانچ سال کے لیے قرضے دیے جائیں گے جو کاروبار کے ساتھ ساتھ گھر بنانے کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔

شیئر: