Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حزب اللہ کا اسرائیلی بحری اڈے پر 24 گھنٹوں میں دوسرے حملے کا دعویٰ

جمعرات کو بھی حزب اللہ نے اسرائیلی بحری اڈے کو نشانہ بنایا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
حزب اللہ نے اسرائیلی شہر حیفہ کے قریب بحری اڈے کو میزائل سے نشانے بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ چوبیس گھنٹوں سے کم دورانیے میں یہ حزب اللہ کا دوسرا حملہ ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی حمایت یافتہ لبنانی گروپ نے جمعے کو کہا کہ ’اسرائیلی دشمن کی جانب سے ہونے والے حملوں اور قتل عام کے ردعمل میں‘ حیفہ شہر کے شمال مغرب میں واقع ’سٹیلا مارس‘ نامی بحری اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔
حزب اللہ نے جمعرات کو اسی جگہ پر ایک اور حملے کا دعویٰ کیا تھا۔
ایک علیحدہ بیان میں گروپ نے حیفہ کے شمال جنوب میں واقع رمات ڈیود نامی فضائی اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ستمبر سے اسرائیل کی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ لڑائی جاری ہے جب اس نے اپنی شمالی سرحد کو محفوظ کرنے کے لیے جنگ کا دائرہ وسیع کر دیا تھا۔
حزب اللہ کے خلاف مہم کے آغاز میں اسرائیل نے لبنان پر فضائی حملے کیے اور بعد میں ملک کے جنوبی حصے میں زمینی افواج بھجوائیں۔ اسرائیل نے اس مہم کا باقاعدہ آغاز ایک سال سے جاری سرحد پار حملوں کے تبادلے کے بعد کیا ہے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ سال سے جاری اسرائیلی حملوں میں 2 ہزار 600 لبنانی ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: