تعطیلات شروع ہوتے ہی ریاض میں ہوٹلوں کے کرایوں میں اضافہ
ریاض میں کئی ہوٹلوں میں گنجائش 100 فیصد تک مکمل ہوچکی ہے۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب کے سکولوں میں پہلے سمسٹر کی تعطیلات شروع ہوتے ہی ریاض شہر میں ہوٹلوں کے کرایوں میں اضافہ ہوگیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ریاض کے ہوٹلوں میں بکنگ بڑھ جانے پر کئی ہوٹلوں کے کرایوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا خاص طور پر وسطی ریاض کے علاقے میں فائیو سٹار ہوٹلز میں جہاں ایک رات کے کمرے کا کرایہ 7 ہزار ریال تک پہنچ گیا۔
ہوٹلوں کی بکنگ کی ایک اپیلی کیشن کے مطابق فائیو سٹار اور فور سٹار ہوٹلوں میں فی رات کمرے کا کرایہ اس وقت 4 ہزار سے لے کر ہزاروں ریال تک پہنچا ہوا ہے۔ ہوٹلوں کی بکنگ اور کرایوں میں اضافہ اس وجہ سے بھی ہے کہ اس وقت سعودی دارالحکومت میں ’ریاض سیزن‘ بھی جاری ہے جس میں یہاں مختلف ایونٹس میں شرکت کے لیے بیرون مملکت سے بھی سیاح آئے ہوئے ہیں۔
ریاض کے ہوٹلوں کی بکنگ ایپ کے مطابق وسطی ریاض اور ایئرپورٹ کے قریب کچھ ہوٹلوں میں گنجائش 100 فیصد تک مکمل ہوچکی ہے جبکہ کئی ہوٹلز میں 76 فیصد گنجائش مکمل ہوسکی ہے اور وہاں بھی اب کرایوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ ہوٹل ریزرویشن سائٹس کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر اپارٹمنٹس اور سویٹس کے کرایے بھی 8 سے 12 ہزار ریال کے درمیان پہنچ گئے ہیں۔
سعودی عرب میں سیاحت کے شعبے نے نئے ہوٹلز میں مزید 12 ہزار کمرے کھولنے کا ایک ریکارڈ قائم کیا ہے جو ہوٹلوں اور مہمان نوازی کی دنیا میں سب سے زیادہ شرح ہے۔
اس وقت ہوٹل کمروں کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار ہے جو 2030 تک بڑھ کر تقریبا 4 لاکھ 3 ہزار کمروں تک پہنچ جائے گی جو تقریبا 215 فیصد اضافہ ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں