اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس، وزیر خارجہ اسحاق ڈار سعودی عرب روانہ
وزیر خارجہ مشترکہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔
سنیچر کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار ریاض میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہباز شریف کے وفد کا بھی حصہ ہوں گے جو سعودی عرب میں منعقد ہونے والے دوسرے مشترکہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف سوموار کو ریاض میں ہونے والے دوسرے مشترکہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب 11 نومبر 2024 کو ریاض میں مشترکہ عرب اسلامی فالو اپ سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا جس میں خطے کی صورتحال، فلسطین اور لبنان پر جاری اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سعودی عرب کی خواہش پر بلائے گئے سربراہی اجلاس میں فلسطینوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت سمیت مختف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان کی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا تھا کہ اجلاس سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات چیت کے لیے بلایا جا رہا ہے۔
یہ سربراہی اجلاس گزشتہ برس مشترکہ عرب اسلامی غیر معمولی اجلاس کا تسلسل ہوگا، جس میں غزہ اور دیگر مقبوضہ علاقوں کی صورتحال پر بات چیت کی گئی تھی۔
عرب لیگ اور او آئی سی کے رکن ممالک کے سربراہان اور سینیئر حکام کے اجلاس میں شرکت کی توقع ہے۔
اس اجلاس میں وزیراعظم عرب لیگ اور او آئی سی کے دیگر رکن ممالک کے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔